رکن اسمبلی کے نام پر فیس بک پر فرضی آئی ڈی۔ لوگوں سے رقم کا بھی مطالبہ

تازہ خبر قومی

دیوبند، یکم؍ ستمبر

(رضوان سلمانی)

سائبر جرائم کے واقعات میں روز بہ روز اضافہ ہی ہوتا جارہاہے سائبر جرائم سے وابستہ افراد نئے نئے منصوبوں کے ذریعہ عوام کو ٹھگنے کا کام کررہے اور کئی معصوم عوام ان کے جھانسوں میں آکر بینکوں میں جمع اپنی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھ رہے ہیں کبھی اسکیموں کا لالچ‘ آفرس‘ تو بینکوں کی جانب سے فرضی پیغامات کے ذریعہ معصوم عوام کو نشانہ بنارہے ہیں ۔

سوشل میڈیا ‘ فیس بک آئی ڈی کو ہیک کرکے فرضی آئی ڈی کے ذریعہ دوست احباب کو ٹھگنے کی کوشش کی جارہی ہے فرضی آئی ڈی کے ذریعہ ہنگامی ضرورت کے نام پر پیسے بٹورے جارہے ہیں ۔ ایسے ہی ایک واقعہ میں سہارنپور میں بی جے پی کے شہر ایم ایل اے راجیو گمبر کی سائبر ٹھگوں نے جعلی فیس بک آئی ڈی بناکر شہر کے ایم ایل اے کے نام پر کئی لوگوں سے رقم کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے ایم ایل اے نے پولیس اور سائبر سیل کو مطلع کیا ہے اور کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔شہر کے ایم ایل اے راجیو گمبر نے بتایا کہ ان کا فیس بک پر اکاؤنٹ ہے۔

سائبر جرائم پیشہ افراد نے فیس بک پر ان کی تصاویر لگا کر جعلی دوسرا اکاؤنٹ بنا رکھا ہے جس کے ذریعے ملزمان اپنے جاننے والوں کو میسنجر پر پیغامات بھیج کر رقم مانگ رہے ہیں۔ جب لوگوں نے انہیں یہ اطلاع دی تو پتہ چلا کہ جعلی اکاؤنٹ بنایاگیاہے۔گزشتہ رات ان کے صاحبزادے کے بیٹے پر سب سے پہلے مسیج بھیجے گئے تھے۔

اس سلسلے میں کوتوالی صدر بازار پولیس اور سائبر سیل کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ تاکہ ان کی جعلی فیس بک آئی ڈی کو بند کرایا جاسکے ۔ ایم ایل اے نے ذاتی طور پر لوگوں کو پیغام بھیج کر بتایا ہے کہ ان کی جعلی فیس بک آئی ڈی بنائی گئی ہے، جس کے ذریعے بدمعاش پیسے مانگ رہے ہیں۔ اس لیے کسی کو بھی اپنے دیے گئے اکاؤنٹ نمبرز میں رقم نہیں ڈالنی چاہیے۔