آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار درگاہ حضرت نظام الدین پہنچے
نئی دہلی:۔23؍اکتوبر
(زیڈ این ایم ایس)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنما اندریش کمار ہفتہ کو درگاہ حضرت نظام الدین پہنچے۔ درگاہ پہنچ کر انہوں نے چادر چڑھائی اور مٹی کے چراغ جلائے۔ انہوں نے کہا کہ نظام الدین درگاہ میں ‘مٹی کے چراغ’ روشن کرنا امن، خوشحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ اندریش کمار آر ایس ایس کے راشٹریہ مسلم منچ کے سرپرست ہیں۔
مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست نے کہا – کسی کو مذہب تبدیل کرنے اور تشدد کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔ سب کو اپنے مذہب اور ذات کی پیروی کرنی چاہیے۔ کسی دوسرے کے مذہب پر تنقید یا توہین نہ کریں۔ جب ملک میں تمام مذاہب کا احترام کیا جائے گا، تب ملک پتھراؤ کرنے والے جنونیوں سے آزاد ہو جائے گا۔
اندریش کمار نے کہاکہ دیوالی کا تہوار بھارت سمیت پوری دنیا میں منایا جاتا ہے، جو تمام اختلافات کو مٹا دیتا ہے۔ ہندوستان یاتریوں، تہواروں اور میلوں کی سرزمین ہے۔ تمام تہوار غریبوں کو روٹی دیتے ہیں اور آپس میں بھائی چارہ بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تہوار ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم تعصب، بغض، نفرت، فساد یا جنگ نہیں چاہتے۔ ہم امن، ہم آہنگی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے ستمبر میں اندریش آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے ساتھ آل انڈیا امام تنظیم کے چیف امام ڈاکٹر عمر احمد الیاسی سے ملنے گئے تھے۔ اس دوران آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو چیف امام ڈاکٹر عمر نے بابائے قوم کہا تھا
مسلم راشٹریہ منچ قوم پرست مسلمانوں کی تنظیم ہے۔ یہ تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے نظریے سے وابستہ ہے۔ یہ 2002 میں تشکیل پایا۔ منچ کے قومی کنوینر محمد افضل اور گائیڈ اندریش کمار ہیں۔
