ہندوستانی مسلمان مولانا ابوالکلام آزاد کا ہمیشہ قرض دار رہے گا

تازہ خبر قومی

مولانا نےحب الوطنی، قومی یکجہتی کے اعلی سے اعلی مثالیں پیش کیں۔ ڈاکٹر عبیداقبال عاصم

دیوبند،22؍ فروری
(رضوان سلمانی)
مولانا ابو الکلام آزاد کے یوم وفات پر یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبیداقبال عاصم نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں مسلمان مولانا ابو الکلام آزاد کا قرض دارہمیشہ رہے گا۔ اگر یہ ملک آج سیکولر ہے تو مولانا آزاد کی دین ہے،

مولانا نے قلم کے ذریعے، زبان کے ذریعے، الفاظ کے ذریعے غرض یہ کہ ہر ممکن قوت سے انگریز حکومت کا مقابلہ کیا اور آزادی دلائی اور پھر ملک میں مسلمانوں کا مستقبل بچانے کے لیے ان کو برابر کا حق دینے کے لیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کی شخصیت کے اتنے پہلو ہیں کہ ایک مضمون میں ان سب کا احاطہ کرنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ ان کی دیدہ وری و دانشوری کے جوہر کہاں نہیں کھلتے ہیں۔ آج سے تقریباً 71سال پہلے انہوں نے وزیر تعلیم کی حیثیت سے سائنسی اور تکنیکی تعلیم کی جو بنیاد رکھی تھی، ہمارے تعلیمی ادارے آج بھی ان ہی بنیادوں پر چل رہے ہیں اور ان کی دانشوری کے چراغ سے روشن ہیں۔

دانشوری وہ جوہر ہے جو انسان کو بلند تر اور اعلیٰ نصب العین کے حصول کی راہ ہموار کرتی ہے اور پھر اسے ان بلندیوں پر پہنچا دیتی ہے، مولانا آزاد اسکے مثالی نمونہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا پہلے جلیل القدر مسلم رہنما تھے جنھوں نے اپنی زور قوت کے ساتھ ہندوستان کی متحدہ قومیت کا تصور پیش کیا۔ اور اسے ملک کے عوام و خواص میں رائج و راسخ کرنے کے لئے اپنی تمام تر ذہنی، علمی اور استدلالی صلاحیتیں صرف کردیں۔ اور وہ اس طرح سیاست کے میدان میں اپنی مستقل مزاجی کے ساتھ قید و بند کی صعوبتوں کو برداشت کرکے حب الوطنی، قومی یکجہتی کے اعلی سے اعلی مثالیں پیش کیں۔

وزارت تعلیم کی ذمہ داری سنبھالتے ہی مولانا نے پہلا فیصلہ جو لیا وہ یہ تھا کہ ملک میں اعلی و فنی تعلیم کے حصول کے لئے سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ خود ہم اپنی ضرورتیں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس دن کا منتظر ہوں جب ہندوستان میں باہر سے لوگ آکر سائنس اور فنی تعلیم میں تربیت حاصل کریں‘‘۔

ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ایک بہترین قائد تھے اور وہ بہ حیثیت صحافی ممتاز رہے۔ انہوں نے کسی وقت بھی ذہنی توازن کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا، انہو ںنے ملک کی بے لوث خدمت کی اور وہ ملک کی آزادی میں پیش پیش رہے۔