اُردو گھر مغل پورہ ‘ حیدرآباد میں جلسہ ‘ مفتی محبوب شریف نظامی محمداعجاز الزماں کا خطاب
حیدرآباد۔2؍مارچ
(ای۔میل)
حضرت مولائے کائنات کمالات مصطفویہ کے مظہر ہیں۔ آپ کو امام الولایة بنایا گیا ہے۔حضرت مولائے کائنات کی کتاب زندگی کا ہر ورق درخشاں ہے۔حضرت مولائے کائنات کو دوہری فضیلت حاصل ہے، آپ اہل بیت اطہار میں بھی شامل ہیں اور اصحاب اخیار میں بھی۔ وہ تمام فضائل جو صحابہ کرام کی شان میں وارد ہوئے ہیں آپ ان میں بھی شامل ہیں اور وہ تمام فضائل جو اہل بیت کرام کی عظمت میں آئے ہیں آپ ان میں بھی شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہارمفتی محبوب شریف نظامی صدر رحمت ایجوکیشن نے اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے منعقدہ جلسہ یاد حضرت علی سے اردو گھر مغل پورہ میں کیا۔مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ حضرت علی کی زندگی کا ہر پہلو قابل تقلید و دنیا و آخرت میں امت محمدیہ کیلئے کامیابی کا ضامن ہے
۔الحاج محمد اعجاز الزماں صدر مکہ مدینہ عازمین حج وعمرہ ویلفیر اسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی نے اپنی زندگی ایسی گزاری کہ خود تین تین دن بھوکے رہتے لیکن کسی بھوکے شخص کودیکھتے تو اسے بھوکانہیں رہتے دیتے۔حضرت علی کی ولادت کعبہ شریف میں ہوئی ۔
پروگرام کی نگرانی صدر اسوسی ایشن اردو ڈیولپمنٹ جناب محمد تمیز الدین احمدنے کی۔
محمد نثار بیدری نے قرأت کلام پاک پیش کی۔رفیق مدراسی کی حمد’ گوئند اکشے اور سراج مدنی نے نعت اور ہاشم بہادر نے منقبت پیش کی۔مولانا خلیل احمد قادری نے بھی مخاطب کیا۔سید مسعود علی سینئر جرنلسٹ کو تہنیت پیش کی گئی۔مفتی محبوب شریف نظامی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔
