حکومت تلنگانہ اساتذہ کی فلاح وبہبود کی پابند

بین الریاستی تازہ خبر

ریٹائرڈ کالج ٹیچرس اسوسی ایشن کے اجلاس سے رکن کونسل کویتا کا خطاب
حیدرآباد۔ 10؍مارچ
(زین نیو ز ڈاٹ نیٹ)
چیف مسنٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے نلہ کنٹہ میں ریٹائرڈ ٹیچرس اور پروفیسرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔
انھوں نے گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے اساتذہ سے اپیل کی۔ کویتا نے کہا کہ

حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر حلقہ کونسل سے ٹی آر ایس نے سورابھی وانی دیوی کو امیدوار بنایا ہے اور جو تمام امیدواروں میں سب سے بہتر امیدوار ہیں ۔وہ شعبہ تعلیم سے وابستہ ہیں اور وہ سینئر رہنما سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہاراؤ کی دختر ہیں۔
کویتا نے کہا کہ بی جے پی امیدوار اور ایم ایل سی رام چندر راؤ اور کانگریس امیدوار چنا ریڈی نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ٹی آر ایس دور حکومت میں ریاست نے جامع ترقی کی ہے

 سرکاری ملازمین کے مسائل پر بات کرتے ہوئے رکن کونسل کویتا نے کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری ملازمین کے بہبود کی پابند ہے اور وہ بہت جلد سرکاری ملازمین کے افکارات کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرے گی۔ اس اجلاس میں محترمہ کویتا کے علاوہ ایم ایل سی کالیرو وینکٹیش، تلنگانہ اسٹیٹ لائبرری چیرمین سریدھر و دیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں رکن کونسل کویتا نے امبر پیٹ میں دھنونتری فاؤنڈیشن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اجلاس میں شرکت کی۔

محترمہ کویتا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برہمن برادری کیلئے دھنونتری فاؤنڈیشن کی خدمات کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت برہمن برادری کی ہمہ جہت ترقی و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔اور غریب برہمنوں کیلئے برہمن ویلفیر کونسل کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ معاشی طور پر پسماندہ برہمنوں کی بہتری کیلئے کام کریں۔

کویتا نے کہا کہ حکومت‘ برہمنوں کیلئے حیدرآباد میں پانچ ایکر پر خصوصی عمارت تعمیر کررہی ہے۔ کویتا نے برہمن برادری سے گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار سورابھی وانی دیوی اور پلے راجیشور ریڈی کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔
آخر میں کویتا نے تمام اہل گریجویٹ ووٹرس نے اپیل کی کہ وہ 14 مارچ کو اپنا حق رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔اس اجلاس میں کویتا کے ہمراہ ایم ایل اے کالو وینکٹیش ، اسٹیٹ لائبریری کے چیئرمین ایاچیٹم سریدھر ، دیوی پرساد بھی موجود تھے