سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کا نقشہ تیار

بین الریاستی تازہ خبر

ماہ کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ ِ بنیاد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی
حیدرآباد:13؍جون
(زین نیوز)
تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکر یٹریٹ مساجد کی تعمیر پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں حکومتی مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں، آکار آرکیٹیکچر کے نمائندہ اور ایکزیکیٹیو انجنیر حفیظ الدین فاروقی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے تمام نقشوں کا معائنہ اور معلومات سے آگہی کے بعد کہا کہ تلنگانہ حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ اس معاملہ میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کی تعمیرات میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کا نقشہ تیار کر لیا گیا ہے جو ترکی طرز پر ہے۔ دونوں مساجد کافی خوب صورت تیار ہورہی ہیں۔ملک بھر میں اس طرز کی مساجد شاذ و ناذ ہی دیکھنے کو ملیں گی۔

انہوں نے بتا یا کہ سیکریٹریٹ کی بڑی مسجد 2500 مربع فیٹ پر بنائی جارہی ہے جس میں بیک وقت400 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں مسجد کے باہر کھلی جگہ میں سینکڑوں افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔جبکہ چھوٹی مسجد 400 مربع فیٹ پر تعمیر کی جارہی ہے ۔

وزیر موصوف نے کہا کہ بڑی مسجد کے وضو خانہ کے پہلے فلور پر مسجد کے امام کے لیے ایک مکان بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ انہیں قیام کی سہولت ہو اور نمازیں اور دیگر عبادات وقت مقرہ پر ادا ہو۔ خواتین کو نماز ادا کرنے کے لیے بڑی مسجد میں انتظام کیا جارہا ہے تاکہ خواتین کو نماز ادا کرنے کی سہولت دستیاب ہو۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیاتھا کہ سیکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کے میناروں سے اذان کی صدائیں بلند ہوگی،اس پر قائم ہے اوراسکو پورا کیا جائے گا۔
سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے افتتاح کے بعد ہی سیکریٹریٹ کی عمارت کا افتاح کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ ان دونوں مساجد کا سنگ بنیاد مفتیان حضرات کےد ست مبارک سے کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اس ماہ کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ ِ بنیاد رکھا جائے گا اور نو مہینوں میں یعنی مارچ 2022 تک دونوں مساجد کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بہترین اور نادر مساجد کی تعمیرات پر وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا۔