حیدرآباد
زین نیوز ڈسک:
کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے سال کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں جرائم کی شرح میں سال 2020میں دس فیصد تک کمی ہوئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سال 2019کے 25,187معاملات کے برخلاف جاریہ سال 22,641نئے معاملات درج کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سروے میں حیدرآباد،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے معاملہ میں شہر حیدرآباد نمبر ون شہر بن گیا ہے اور500شہروں میں اس کو 60واں مقام حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآبادمیں فی الحال 3,61,000کیمرے نصب ہیں جو ملک کے کسی بھی شہر سے زیادہ ہیں۔ان کیمروں کے ذریعہ جرائم کی وارداتوں میں کمی اور جرائم کے معاملات کو حل کرنے میں مدد مل رہی ہے ۔مسٹر انجنی کمار نے بتایاکہ حیدرآباد میں پوکسو معاملات کی تعداد میں گذشتہ سال کے برخلاف 35فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔اسی طرح خواتین کے خلاف جرائم میں 19فیصد کی کمی درج کی گئی ہے سال 2020میں 13افراد کو عمر قید کی سزا کویقینی بنایاگیا جبکہ ایک شخص کو 23سال کی قید کو یقینی بنایاگیا۔انہوں نے کہاکہ روڈ سیفٹی کے اقدامات پر موثر عمل کے نتیجہ میں سڑک حادثات میں کمی درج ہوئی ہے ۔
