(زین نیوز ڈسک)
حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ورنگل شہر کی عوام کو آئندہ سال اگادی سے پینے کا پانی فراہم ہوگا ۔ آج ورنگل میں ریاستی وزراء و عہدیداروں کے ساتھ شہر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ورنگل شہر کے لئے خصوصی ترقیاتی منصوبہ کو تیار کریں جس کے لئے وہ سالانہ 300 کروڑ روپئے کا بجٹ فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ اس اجلاس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے اضلاع ای دیا کر راؤ اور ستیاوتھی راٹھور بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے شہر ورنگل کی ترقی کے لئے بجٹ میں سالانہ 300 کروڑ روپئے مختص کرنے بھی اعلان کیا اور مرکز پر انگشت نمائی کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کو انتہائی کم فنڈ فراہم کررہی ہے جبکہ ریاست اس کو 5 گنا زیادہ فنڈ اکٹھا کرکے فراہم کررہی ہے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مزید بتایا کہ ریاست میں ترقیاتی کاموں کے لئے مرحلہ وار انداز میں 10 ہزار کروڑ روپئے کے منصوبوں پر عمل کیا گیا جن میں مشن بھگرتا ‘ سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور داغ دوزی ‘ غرباء کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات اور بدری نظام وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ 3 ہزار میں سے 800 یونٹ مکانات افتتاح کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں کئی ایک ترقیاتی کام انجام دئیے گئے جس کی پیشرو حکومتوں میں مثال نہیں ملتی ۔ سابق حکومتوں نے اپنے دس سال کے عرصہ میں جو کام انجام نہیں دے سکے ٹی آر ایس حکومت نے انہیں اپنے 6 سال کے عرصہ میں عملی جامہ پہنایا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے یہ ریمارک بھی کیا کہ تلنگانہ کے شہروں کی ترقی کے لئے مرکز تعاون کرنے سے گریزاں ہے ۔جبکہ مقامی عہدیداروں کے تعاون سے ریاستی حکومت مثالی اقدامات کررہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ ریاست کے شہروں کی ہمہ جہت ترقی توجہہ مرکوزکی ہوئی ہے انہوں نے مقامی وزراء اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ حالیہ بارش اور سیلاب سے تباہ سڑکوں اور ڈرینج لائنوں کو جو نقصان پہنچا اس کی تیزی کے ساتھ فی الفور درستگی عمل میں لایں ۔ انہوں نے سرکاری پروگرامس کو باہمی تعاون کے ذریعہ تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی ضرورت بھی ظاہر کی ۔ کے ٹی آر نے آخر میں بتایا کہ روزآنہ پینے کے پانی کی سربراہی کی خاطر 200 افراد کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی ۔
