عیسی فاؤنڈیشن کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا اہتمام

تازہ خبر قومی مذہبی

چھ برسوں میں ہندوستان کے متعدد صوبوں میں اجتماعی شادیوں کا انعقاد ۔مولانا حبیب الرحمن

دیوبند، 5؍ جون
(رضوان سلمانی)

سماجی تنظیم عیسی فاؤنڈیشن اور جامعہ فیضان القران کے زیر اہتمام ایک پروگرام منعقد کیا گیا اور پروگرام کے دوران غریب اور بے سہارا لڑکیوں کے اجتماعی نکاح کرائے گئے ۔تنظیم نے اپنے اخراجات پر 50؍مسلم غریب لڑکیوں کا اجتماعی نکاح کرایا اور انہیں شادی شدہ زندگی گزارنے کے لئے گھریلو سامان بھی بطور تحفہ دیا گیا ۔واضح ہو کہ دیوبند میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سماجی تنظیم کی جانب سے اتنا بڑا اجتماعی نکاح کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔

اس پروگرام کے تحت 50؍جوڑوں کے نکاح پڑھائے گئے ۔اجتماعی نکاح کے پروگرام میں دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی راشد اعظمی نے دس لڑکیوں کے نکاح پڑھائے ۔بعد ازاں سینئر اساتذہ اور علماء نے باقی 40؍لڑکیوں کے نکاح پڑھائے ۔اس اجتماعی نکاح کی سادہ تقریب کے اختتام پر وہاں موجود لوگوں نے نئے شادی شدہ جوڑوں کے بہتر مستقبل کی دعائیں کیں۔اس اجتماعی نکاح کے پروگرام کا اہتمام قاسم پورہ روڑ پر ایک شادی ہال میں کیا گیا جہاں صبح سے ہی باراتوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔

یہ سبھی باراتیں دیوبند یا اس کے قرب وجوار سے آئیں ۔50؍دلہوں کا ایک ساتھ بٹھایا گیا اور ان کے اجتماعی نکاح پڑھائے گئے ۔اس موقع پر تنظیم کی جانب سے بارات کے لوگوں کے لئے کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا ۔اس پروگرام کے کنوینرمولانا حبیب الرحمن ،ڈاکٹر یحییٰ قاسمی اور مولانا عارف یوسف نے بتایا کہ ان کی یہ تنظیم گزشتہ چھ برسوں کے دوران بہار ،راجستھان،اترپردیش اور گجرات کے علاوہ دیگر صوبوں میں اجتماعی نکاح کے پروگرام منعقد کرچکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب ماں باپ اپنی بیٹیوں کی شادی نہیں کر پارہے ہیں اسلئے ان کی مدد کے لئے اس طرح کے اجتماعی نکاح کے پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔اس اجتماعی نکاح کے پروگرام کے موقع پر مولانا سلمان بجنوری ،مولانا نوشاد ،مولانا عارف،مولانا یوسف،مولانا محبوب الرحمن قاسمی،مولانا سید عاقل حسین،سید محمد میاں اور بدر عالم سمیت علاقہ کی معزز شخصیات موجود رہیں۔