لال قلعہ پر جھنڈا لہرانے کا واقعہ : فیس پربک لائیو کرنے والانوجوان گرفتار

تازہ خبر قومی

نئی دہلی4: ؍فروری
نمائندہ خصوصی
یوم جمہوریہ کے موقع پر لال قلعہ پر تشدد کیس میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے  ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت دہلی کے باشندے دھرمیندر سنگھ ہرمَن کے نام سے ہوئی ہے، وہ دہلی کے سِکھ اکثریتی علاقہ کا رہائشی ہے۔دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے لال قلعہ پر تشدد کیس میں ایک اور گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ اس معاملے میں اب تک دو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جب کہ تشدد میں ملوث چار افراد پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر لال قلعہ کے بشمول مختلف مقامات پر مشتعل افراد کے ذریعہ تشدد کے واقعات ہوئے ہیں۔ اب تک دہلی پولیس کے ذریعہ ان واقعات کے سلسلے میں 44 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔ ان میں سے 15 ایف آئی آر کی تفتیش دہلی پولیس کی کرائم برانچ کررہی ہے جب کہ مقامی پولیس دیگر معاملات کی بھی تحقیقات کررہی ہے جن میں لال قلعے پر تشدد کا معاملہ بھی شامل ہے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے بدھ کے روز اس معاملے میں ایک ملزم دھرمیندر سنگھ ہرمَن کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کرائم برانچ کی ایس آئی ٹی نے کی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے اب تک 124 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس اسے عدالت میں پیش کرے گی اور ریمانڈ پر لینے کی کوشش کرے گی۔