مارپیٹ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔برقی ملازمین کا دھرنا

تازہ خبر قومی

پولیس پر ملزمان کو بچانے کا لگایا الزام

دیوبند، 28؍ اگست
(رضوان سلمانی)
بجلی گھر میں گھس کر ملازمین کے ساتھ مارپیٹ کرنے کا معاملہ طول پکڑتا جارہاہے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر ملازمین میں غصہ کی لہر پائی جارہی ہے۔ اسی مسئلہ کو لے کر بجلی ملازمین نے آج بجلی گھر پر ہی دھرنا دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر پولیس نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کی تو ملازمین اس مسئلہ کو تحریک بنانے کے لئے مجبور ہوںگے۔

اترپردیش بجلی کرمچاری سنگھ کے علاقائی صدر اجے کمار نے کہا کہ 18اگست کو ایس ایس او سنجے کمار کے ساتھ بجلی گھر میں گھس کر ایک درجن سے زائد نامعلوم لوگوں نے مارپیٹ کی تھی اور انہیں خوف زدہ کیا تھا ۔

ان حالات میں سنجے کمار کے اہل خانہ دہشت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ملازمین کے تئیں پولیس انتظامیہ کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے جس کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کی تو اترپردیش بجلی کرمچاری سنگھ تحریک چلانے کو مجبور ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ بجلی ملازمین کو معذور نہ سمجھا جائے ، ان کی حفاظت کے لئے پولیس کو پختہ انتظامات کرنے چاہئیں ۔ جے کمار نے کہا کہ پولیس دبائو کے چلتے ملزمان کو گرفتار نہیں کررہی ہے جس کے سبب بجلی ملازمین میں غصہ کی لہر پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملزمان گرفتار نہ ہوئے اور ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی تب تک ملازمین چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مظاہرہ کرنے والوں میں راجندر پرساد، منوج شرما، یوگیش کمار، جگدیش پرشاد، راج بیر سنگھ، اشوک کمار، دیپک کمار، لکشمن سنگھ، اجیت کمار، بھانو پرتاپ وغیرہ موجود رہے۔ واضح ہو کہ گزشتہ 18اگست کی رات میں ایس ایس او سنجے کمار بجلی گھر پر ڈیوٹی پر تعینات تھے ، اسی دوران دیوبند کے گائوں گنگ داس پور کے قریب 12سے زائد لوگ بجلی گھر پہنچے اور سنجے کمار کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے اسے خوف زدہ کیا تھا ۔

اس معاملہ میں سنجے کمار نے نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، مگر 10دن کا عرصہ گزرجانے کے بعد پولیس نے ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں کی جس کے سبب ملازمین میں غصہ پایا جارہا ہے ۔