اساتذہ کی مادی ترقی اور حالت ضرور بہتر ہوئی ، لیکن استاذ اور شاگرد کا رشتہ کافی کمزور ہوگیا ہے۔صبا حسیب صدیقی

تازہ خبر قومی
پبلک گرلز انٹر کالج میں یوم اساتذہ جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا
دیوبند،5؍ستمبر
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے قدیم اور مشہور معروف عصری تعلیمی ادارہ’’پبلک گرلز انٹر کالج‘‘میں نہایت جوش وخروش کے ساتھ یوم اساتذہ منایا گیا۔ادارہ کی طالبات نے ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے مقالے پیش کئے اور یوم اساتذہ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر صبا حسیب صدیقی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یوم اساتذہ کیا ہے اور اس کو ہم ہر سال 5؍ستمبر کو کیوں مناتے ہیں۔
انہوں نے طالبات کو بتایا کہ ہندوستان کے دوسرے صدر جمہوریہ سرو پلی رادھا کرشنن جو پیشہ سے ایک ماہر فلسفی اور باکمال استاذ تھے ان کی یوم پیدائش 5؍ستمبر کو یوم اساتذہ کے طور پر مناتے ہیں۔سرو پلی رادھا کرشنن ایک عظیم علمی شخصیت کے حامل تھے اور ہندوستان ہی میں نہیں پوری دنیا میں مقبول تھے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی مادی ترقی اور حالت ضرور بہتر ہوئی ہے لیکن استاذ اور شاگرد کا رشتہ اب کافی کمزور ہوگیا ہے جس کے باعث تعلیمی تنزلی ہوئی ہے لہٰذا اس رشتہ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انٹر سیکشن کی سینئر ٹیچر شبانہ ذکی نے کہا کہ اساتذہ کی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ دنیا کے تمام مذاہب میں والدین اور اساتذہ کے حقوق واحترام ادا کرنے کی تلقین کی ہے کیونکہ ایک بچہ کی تربیت میں جو کردار ماں کا ہوتا ہے وہی کردار بعد میں اساتذہ نبھاتے ہیں۔
صفیہ گوھر نے یوم اساتذہ سے متعلق اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاذ بچہ کو صر ف تعلیمی نصاب ہی نہیں پڑھاتا بلکہ وہ اس کی شخصیت سازی بھی کرتا ہے ۔ساجدہ شمیم اور روبینہ شہزاد نے اساتذہ کی اہمیت اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے ان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک استاذ اپنے شاگردوں کی تربیت اور درس وتدریس کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تدریس وہ پاکیزہ پیشہ ہے جسے مذہب اسلام میں ہی نہیں بلکہ تمام مذاہب اور معاشرے میں نمایاں مقام حاصل رہا ہے ۔
سائنس ٹیچر اسرا خان اور منتشا نے استاذ کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیچر کا خوش گفتار،ہمدرد،مہذب،خوش اخلاق،رحمدل اور طالب علموں کا مددگار ہونا ضروری ہوتا ہے کیونکہ ایک طالب علم اپنے استاذ سے کتب یا اسباق ہی نہیں پڑھتا بلکہ وہ اپنے استاذ کی شخصیت اور اس کی حرکات وسکنات کا بھی مطالعہ کرتا ہے جس کی بدولت وہ صالح معاشرے کا  ایک فرد بنتا ہے
 اسلئے ہم سب کو بھی آج یہ عہد کرنا چاہئے کہ اپنے اساتذہ کا عزت واحترام کرکے ہم بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مہذب انسان بنیں گے ۔ان کے علاوہ ساجدہ شمیم،شاکرہ اور دیگر ٹیچرز نے بھی طالبات سے خطاب کے دوران یوم اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔پروگرام کے اختتام پر طالبات نے اپنی ٹیچرز کو تحائف دیکر اپنی عقیدت واحترام کا اظہار کیا ۔اس موقع پر بڑی تعداد میں طالبات ،ٹیچرز اور کالج کا عملہ موجود رہا ۔