امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹنے سے کم از کم 10 یاتریوں کی موت

تازہ خبر قومی
نئی دہلی : 8؍جولائی
(زیڈ این ایم ایس)
 جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا کے راستے پر بادل پھٹنے سے کم از کم 10 یاتریوں کی موت ہو گئی۔ جمعہ کی شام تقریباً 5:30 بجے امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹ گیا اور اس کا پانی تیزی سے نیچے چلا گیا جس سے 10 یاتریوں کی موت ہو گئی
۔ جس وقت بادل پھٹا اس وقت غار کے قریب 10 سے 15 ہزار عقیدت مند موجود تھے۔ اس واقعے میں 3 خواتین سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اب بھی 35 سے 40 یاتریوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بادل پھٹنے کا واقعہ  غار سے ایک سے دو کلومیٹر کے دائرے میں ہوا۔ 25 کے قریب خیمے اور عقیدت مندوں کے لیے لگائے گئے دو سے تین لنگر پہاڑوں سے آنے والے تیز پانی سے بہہ گئے۔ بارش کی وجہ سے پورا علاقہ تیزی سے زیر آب آ گیا اور کئی لوگ اس کی زد میں آ گئے۔ کئی یاتریوں لاپتہ ہیں اور ان کے تیز بہاؤ سے بہہ جانے کا خدشہ ہے۔
حادثے کے بعد عقیدت مند بارش کے باوجود خیموں سے باہر نکل آئے، ہر کسی کے چہروں پر خوف و ہراس صاف نظر آرہا تھا۔
این ڈی آر ایف کے ڈی جی ارول کروال نے اب تک 10 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہیں بتایا گیا ہے کہ 3 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ NDRF کی ایک ٹیم مقدس غار کے قریب مسلسل تیار ہے۔ انہوں نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا۔ دوسری ٹیم کو وہاں تعینات کر دیا گیا ہے۔ پہلگام کے جوائنٹ پولیس کنٹرول روم نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور دیگر ایجنسیاں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ شدید بارش کے باعث غار کے اوپری حصے سے پانی نیچے آگیا۔ امرناتھ غار کے ارد گرد چلنے والے لنگر متاثر ہوئے ہیں۔ زخمیوں کوہسپتال لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔ بدھ (6 جولائی) کو حکام نے کہا تھا کہ موسم ٹھیک ہونے پر یاترا 8 جولائی سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔ بارش اب تھم چکی ہے۔
۔واقعہ کے فوراً بعد جموں و کشمیر پولیس کی ٹیم نے فوج، آئی ٹی بی پی، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے ساتھ مل کر بچاؤ کا کام شروع کیا۔ این ڈی آر ایف کے ڈی جی اتل کروال نے کہا کہ لوگوں کو محفوظ طریقے سے نکال کر کیمپوں میں لے جایا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو ہوائی جہاز سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بادل پھٹنے کے واقعہ اور عقیدت مندوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 اسی دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا، ‘میں نے ایل جی منوج سنہا جی سے بات کی ہے اور بابا امرناتھ جی کے غار کے قریب بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے بارے میں صورتحال دریافت کی ہے۔ لوگوں کی جان بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ میں تمام عقیدت مندوں کی خیریت چاہتا ہوں۔