آئین کی خلاف ورزی پر مرکزی وزیر اور وزیراعلیٰ اروناچل پردیش کے خلاف پولیس میں شکایت

تازہ خبر قومی

ایٹانگر:02؍جولائی
(زین نیوز)
اروناچل پردیش میں چار سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ریاست کے علاقے میںتبدیل کی کوشش کے علاوہ کئی قوانین اور آئین کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کرنے کے الزام میںوزیر اعلیٰ پیما کھانڈو اور مرکزی وزیر کھیل کرن ریججو کے خلاف پولیس میںشکایت درج کرائی ہے۔

جمعرات کو ضلع پاپم پارے کے کمین پولیس اسٹیشن میں درج شکایت بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے آسام میں کمین کا نام بدل کر بل گڑھ کرنے سے متعلق ہے۔ یہ واقعہ 17 جون کو ایک تقریب میں پیش آیا جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 20 کلومیٹر طویل کمین پوٹن سڑک اور اسی طرح کے 11 دیگر منصوبوں کا افتتاح کیا تھا۔

یہ شکایت پیپلز پارٹی آف اروناچل (پی پی اے) کے کاہفا بینگیا اورکالنگ جورانگ ، جنتا دل (یونائیٹڈ) کی روحی تاگنگ اور ربا پانگیا ڈولو ، کانگریس کی تیچی تیگی تارا اور گامر تانا اور جنتا دل (سیکولر) کے جارجم نے درج کی ہے۔

شکایت گزاروں نے الزام لگایا کہ کھانڈو اور ریججو نے آئین کے آرٹیکل 3 کی توہین کرتے ہوئے اروناچل پردیش اسٹیٹ ایکٹ 1987 ، بنگال ایسٹرن فرنٹیئر ریگولیشن 1873 اور اروناچل پردیش ایکٹ 2000 کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر اور مرکزی وزیر پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ ریاست کے علاقے کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، جس کی وجہ سے کمین میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور شدید بدامنی پیدا ہوئی ہے۔