آزادی کے بعد بی جے پی کی حکومت بنتی تو کشمیر بھارت کا حصہ نہ ہوتا

تازہ خبر قومی

جس دن صبرکا پیمانہ لبریز ہوجائیگا آپ ہار جائیں گے۔محبوبہ مفتی
نئی دہلی : 21؍اگسٹ
(زین نیوز؍ایجنسیز)
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کولگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مضحکہ خیز ومتنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے کہا کہ جس دن صبرکا پیمانہ لبریز ہوجائیگا آپ ہار جائیں گے۔ مرکزی  حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ملک افغانستان سے سبق سکھیں

محبوبہ مفتی نے طالبان کی آڑ میں نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ جموں و کشمیر کے لوگوں سے بات کریں اور یہاں آرٹیکل 370 بحال کریں ورنہ کشمیری آپ کو برداشت نہیں کریں گے۔

پی ڈی پی کے سربراہ نے کہا کہ کشمیری کمزور نہیں ہیں ، وہ بہت بہادر اور صابر ہیں۔ صبر کرنے کے لیے بڑی ہمت درکار ہوتی ہے۔جس دن صبرکا پیمانہ لبریز ہوجائیگا آپ ہار جائیں گے ،ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں

انھوں نے کہاکہ اپنے ہمسایہ ملک (افغانستان) کو دیکھیں جہاں سے سپر پاور امریکہ کو اپنی فوج واپس بلانا پڑا۔ امریکہ بوری اور بستر کے ساتھ واپس جانے پر مجبور ہوا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت واجپائی کے اصول پر واپس نہیں آئی اور مذاکرات شروع نہیں کیے تو ملک میں بربادی ہوگی اور ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا۔ اگر آزادی کے بعد بی جے پی کی حکومت بنتی تو جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہ ہوتا۔

جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے محبوبہ مفتی یہ کہتی رہیں کہ آرٹیکل 370 کو وہاں پر بحال کیا جانا چاہیے ، لیکن ہمارے پاس بات کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ وہ مودی حکومت کی دعوت پر مذاکرات کے لیے دہلی آئی تھیں اور اس وقت انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارتی حکومت کو بھی مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان سے بات کرنی چاہیے۔