بھاگلپور میں ایک مکان میں دھماکہ۔ 12ہلاک‘ متعد د زخمی

تازہ خبر قومی

6 ؍کی حالت تشویشناک۔، 4 مکانات زمین بوس
بھاگلپور:4؍مارچ
(اے ایم این ایس)
بہار کے بھا گلپور شہر کے کاجیولی چک میں واقع ایک گھر میں رات 11.34 بجے دھماکے سے چار مکانات منہدم ہوگئے۔ اس میں اب تک 12 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ ایک درجن لوگ شدید زخمی ہیں۔مرنے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ رات ایک بجے تک اسے ملبے سے نکال کراسپتال لے جایا گیا۔ اس دھماکے میں چار مکانات کے علاوہ کچھ اور قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ لوگوں نے دھماکے کی آواز 5 کلومیٹر تک سنی۔ تو وہاں لوگوں نےا سٹیشن چوک کے قریب تک بارود کی بو محسوس کی

رات دیر گئے اچانک دھماکے سے مہندر منڈل، گنیش منڈل، اوم پرکاش منڈل اور راجو منڈل کے چار مکانات تباہ ہوگئے۔ چاروں گوٹیا ہیں اور شیلا دیوی سمیت دو درجن سے زیادہ لوگ ان کے گھر میں رہتے تھے۔ ان کے گھر کے پیچھے واقع چھ مکانات کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔ ان میں یوسف، مو خالد، مو مدثر اور دیگر کے بھی مکانات شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد ڈی آئی جی، ایس ایس پی سمیت تمام تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

امدادی کام صبح تک جاری رہا۔ تین جے سی بی مشینوں سے ملبہ اٹھانے کے بعد پھنسے لوگوںکو نکالا جارہا ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں اینٹوں اور پتھروں کے ساتھ بارود کی بو بھی اٹھی۔ اس واقعہ پر لوگ مشتعل ہوگئے۔ شیلا دیوی، گنیش کمار اور ایک چھ ماہ کے بچے کی لاشیں کچھ دیر بعد ملبے سے نکال لی گئیں۔ ایک ایک کر کے نصف درجن زخمیوں کو بھی اسپتال لے جایا گیا۔ مہلوکین اور زخمی ہونے والے تمام افراد کجووالی چوک تاتارپور کے رہائشی ہیں۔

واضح رہے کہ اس گھر میں 2008 میں بھی دھماکہ ہوا تھا۔ اس وقت بھی مہندر منڈل کی بیوی سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس دوران ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس کے بعددوبارہ آج یہاں دھماکہ ہوا۔ بتایا گیا کہ شیلا دیوی اور لیلا دیوی اسی گھر میں رہتی تھیں جہاں دھماکہ ہوا تھا۔ دونوں گوٹنی ہیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی دو مزید مکانات منہدم ہوگئے۔

پولیس نے عندیہ دیا ہے کہ دھماکہ شاید بم بنانے کے دوران ہوا۔ ایس ایس پی بابو رام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بم بناتے وقت دھماکہ ہوا تھا۔ واقعہ کی وجہ ممکنہ طور پر پٹاخے کے مواد کا دھماکہ ہے۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق متاثرین کے خاندانوں میں سے ایک پٹاخے بناتا تھا۔ جن کے گھر میں اس سے پہلے بھی دھماکہ ہو چکا ہے۔ ایک ہی گھر میں دھماکہ خیز مواد سے دھماکہ ہونے کا امکان ہے۔ بم ڈسپوزل ٹیم اور ایف ایس ایل ٹیم کے معائنہ کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔