بی جے پی لیڈر اور سابق اسمبلی رکن نے دارالعلوم دیوبند پہنچ کر مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کی 

تازہ خبر قومی
دیوبند:۔ 25؍ستمبر
(رضوان سلمانی) 
سابق اسمبلی رکن اور بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر اور ریاست اترپردیش کے انچارج چودھری ذاکر حسین ایڈوکیٹ نے دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی ۔
 تفصیل کے مطابق آج دیوبند پہنچے ریاست ہریانہ کے نوح اسمبلی حلقہ سے تین مرتبہ اسمبلی رکن رہے اور ہریا نہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر چودھری ذاکر حسین نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی سے بھی ان کی رہائش گاہ محلہ خانقاہ پہنچ کر ملاقات کی اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کی۔
اس دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان موجودہ حالات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ چودھری ذاکر حسین نے بتایا کہ وہ دارالعلوم دیوبند اور یہاں کے علماء سے عقیدت ، محبت اور تعلق رکھتے ہیں اس لئے جب بھی انہیں وقت ملتا ہے وہ دارالعلوم آکر یہاں کے علماء سے ملاقات کرتے رہتے ہیں ۔
یہ ملاقات بھی ایک معمولی حصہ تھی ، انہوں نے بتایا کہ وہ جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر اور بزرگ مولانا سید ارشد مدنی کی کی صحت کے بارے میں معلومات کرنے کے لئے دیوبند آئے تھے ، ساتھ ہی ا نہوں نے دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا اپنا ذاتی دورہ ہے اور وہ یہاں صرف علماء سے ملاقات کے لئے ہی آئے ہیں اور دوسری کوئی وجہ نہیں ہے۔