موبائل منی ٹرانسفر کے ذریعہ ووٹروں کے کھاتوں میں رقم منتقل کرنے کا الزام
حیدرآباد: ۔یکم؍نومبر
(زین نیوز )
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو الیکشن کمیشن آف انڈیا سے شکایت درج کرائی ہے کہ اس کی ریاستی یونٹ کے قائدین کے فون ٹیپ کیے جارہے ہیں اور منگوڑ کے امیدوار کوٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے خاندان کے ذریعہ ‘فرضی لین دین کی اشاعت؍تشہیر کا بھی الزام لگایا ہے
یہ شکایت ٹی آر ایس کی شکایت کے جواب میں ای سی آئی میں درج کی گئی تھی کہ راج گوپال ریڈی کی خاندانی ملکیت والی کمپنی سوشی انفرا اینڈ مائننگ لمیٹڈ نے ووٹروں کو راغب کرنے کے مقصد سے منگوڑ میں افراد اور کاروباری تنظیموں کے بینک کھاتوں میں 5.24 کروڑ روپے منتقل کیے تھے۔
شکایت میں بی جے پی تلنگانہ کے انچارج ترون چُگ نے الزام لگایا کہ ٹی آر ایس ووٹروں کو گمراہ کرنے کے لیے بغیر کسی ثبوت کے بینک لین دین پر جھوٹے دعوے کررہی ہے۔
یہ بتاتے ہوئے کہ افراد اورخانگی کمپنیوں کے بینک کھاتوں کی تفصیلات کا انکشاف کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، چُگ نے کہا کہ بینک ٹرانزیکشن کی تفصیلات کے لیک ہونے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو لین دین کی ساکھ اور سچائی پر شبہ ہے اور اس لئے ان کی جانچ ہونی چاہئے۔
چُگ نے یہ بھی شکایت کی کہ ٹی آر ایس بی جے پی کے ریاستی قائدین اور منگوڑ میں انتخابی مہم چلانے والوں کے فون ٹیپ کررہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بغیر کسی قانونی عمل کے فون ٹیپنگ کا سہارا لینا قانون کے تحت جائز نہیں ہے
اور ای سی آئی سے ٹی آر ایس کے خلاف کارروائی شروع کرنے کو کہا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ٹی آر ایس موبائل منی ٹرانسفر ایپلی کیشنز کے ذریعہ ووٹروں کے کھاتوں میں رقم منتقل کررہی ہے۔
شکایت میں سرکاری ملازمین کی اسوسی ایشن جیسے تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن (ٹی این جی او) اور روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایمپلائز اسوسی ایشن کے قائدین پر ٹی آر ایس کے لیے مہم چلانے اور سرکاری ملازمین پر اپنے امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
