حیدرآباد۔29
زین نیوز
ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں تیز ترین ترقی، امن و امان،سرکاری ملازمتوں کی فراہمی اور منفرد اسکیمات کی وجہ سے ایک خاص مقام عطا ہوا ہے۔ چھ سالہ دور حکومت میں تلنگانہ ریاست نے ایسی ترقی حاصل کی ہے جس کی مثال ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج مادھا پور کے ایج آئی سی سی میں منعقدہ سوسائٹی فارسائبر آباد سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اس سوسائیٹی کی شروعات سال 2006 میں اس وقت کے سائبر آباد پولیس کمشنرمہندر ریڈی نے کیا تھا ، جواب ریاست تلنگانہ کے ڈی جی پی ہیں۔یہ سوسائیٹی ایک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہے جو ملک بھر میں انوکھا ماڈل ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوسائیٹی انڈسٹریل سیکٹرز اور سائبر آباد پولیس کے درمیان ایک اہم ادارہ ہے۔ یہ سوسائیٹی بغیر کسی منافع کے خدمات انجام دیتی ہے۔ اس کو سائبر آباد میں واقع کمپنیوں اور ملازمین کو حفاظت فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا تھا۔جس کے دور رس نتائج برآمد ہوئے ۔ اس سوسائیٹی کے تحت پچھلے سالوں سے کئی اقدامات اٹھائے گئے اور ان کو برقرار رکھا گیا ہے۔ جیسے شی شٹلس، مارگا درشکس، سنگھا مترا پروگرام، ٹریفک والنٹیرس وغیرہ نےشہریوں کی بہتری کی طرف ایک مثبت اثر پیدا کیا ہے۔وزیر داخلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے بعد ، پچھلے سال اس سوسائیٹی نے فارما ، مینوفیکچرنگ ، ہیلتھ کیئر ،ہاسپٹالیٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ جات کو شامل کرنے کے لئے اپنی شاخوں کو بڑھایا ہے۔ سوسائیٹی کی بہترین کارکردگی کو دیکھ کر مہاراشڑا کے پونہ شہر اور تمل ناڈو سےپولیس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے سائبر آباد کا مشاہدہ کیا ۔اس کے بعد انہوں نے اظہار ِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہترین سوسائیٹی ہے جو انڈسٹریل ملازمین کو سیکیوریٹی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کو اپنی ریاستوں میں شروع کرنے کے لئے حکومتوں سے نمائندگی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اس طرح کے کئی پروگراموں کو تلنگانہ ریاست میں شروع کیا گیا ہے جس کو ملک بھر میں اولیت حاصل ہوئی ہے۔ سوسائیٹی کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس کو نظام آباد، نلگنڈہ، کریم نگر اور دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعلیٰ کلواکنٹلا چندراشیکھر راؤ نے محکمہ پولیس کو کافی اہمیت دی ہے۔تلنگانہ ریاست میں لا اینڈ آرڈرکو برقرار رکھنے کے لئے کے سی آر صاحب نے بھاری فنڈز بھی جاری کئے ہیں۔جس سے پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کی تعمیرات، تزئین ِنواورجدید گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں تاکہ پولیس عہدیدار بروقت کارروائی کرسکے۔ علاوہ ازیں بنجارہ ہلز میں کروڑوں روپئیوں کی لاگت سے ایک عالیشان کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرتعمیر کیا جارہا ہے، جس سے ریاست بھر کے محکموں کو جوڑا جائے گا۔ یہ ملک بھر میں پہلا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ہے۔تلنگانہ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں نے بین الاقوامی شناخت حاصل کی ہے۔محمدمحمود علی نےکہا کہ ریاست کی مجموعی ترقی عزت مآب وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کی وجہ سے ہے جنہوں نے اپنی دور اندیشی سے تلنگانہ ریاست کو چھ سالہ مختصر عرصہ میں کافی ترقی دلائی۔وزیر داخلہ نے سوسائیٹی کے کارناموں کے لئے سوسائیٹی کی تعریف کرتےہوئےامیدظاہر کی کہ مسقبل میں بھی ان کی حصہ داری کو جاری رکھیں گے اور اس نیک مقصد کے لئے دوسروں کے لئے رول ماڈل بنتے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے سوسائیٹی کے چیرمین و سائبر آباد پولیس کمشنر وی سی سجنار ، جنرل سکریٹری کرشنا یدولااور تمام اراکین سوسائیٹی کو مبارکبادپیش کی۔اس تقریب میں پولیس ڈائریکٹر جنرل مہیندر ریڈی،پرنسپال سکریٹری جئیش رنجن، سابق سائبر آباد پولیس کمشنر پربھاکر ریڈی، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ویمن سیفٹی سواتی لکرا، سٹی پولیس کمیشنر انجنی کمار،سی وی آنند، راچہ کونڈا پولیس کمیشنر مہیش بھاگوت، بھرانی ارول اور دیگر شریک تھے۔
