دو اساتذہ پر پڑھائی کے نام پر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام
پرنسپل اور 4 دیگر کو 15 روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا
نئی دہلی : 19؍جولائی
(زیڈ این ایم ایس)
تمل ناڈو کے کلاکوریچی میں 12ویں جماعت کے طالبہ کی موت کے بعد تشدد چاروں طرف پھیل گیا ہے۔ مظاہرین نے ہنگامہ کھڑا کر دیا جس کے بعد انتظامیہ نے کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اب اس معاملے میں ڈائریکٹوریٹ آف میٹرک نے حکومت کے مشورے کے خلاف 987 خانگی اسکولوں کو اسکول بند کرنے کے نوٹس بھیجے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تمل ناڈو پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر کے آر نند کمار نے اعلان کیا تھا کہ کلکوریچی میں کنیامور شکتی میٹرک اسکول پر حملے کے خلاف احتجاج میں آج تمام خانگی نرسری، میٹرک اور سی بی ایس ای اسکول بند رہیں گے۔ اس حوالے سے اب ڈائریکٹوریٹ آف میٹرک نے نوٹس جاری کر دیا ہے۔
Kallakurichi death of class 12 girl, Tamil Nadu | Directorate of Matriculation sends notice to 987 private schools, seeking explanation from them over the closing of schools against government’s advice https://t.co/1kmmfCX3gi
— ANI (@ANI) July 19, 2022
تمل ناڈو میں کلاکوریچی کے قریب واقع ایک اسکول کے دو اساتذہ کو ایک طالبہ کی موت کے معاملے میں پیر کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ 329 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے 17 جولائی کو ہونے والے پرتشدد واقعات اور اسکول میں توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا، مدراس ہائی کورٹ نے ریاستی پولیس کے سربراہ سی سیلندر بابو کو ہدایت دی کہ وہ فسادیوں کی شناخت اور سخت کارروائی کرنے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دیں۔
عدالت نے 17 سالہ لڑکی کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا بھی حکم دیا۔ تاہم عدالت نے ایک بار پھر طالب علم کے والد کی پوسٹ مارٹم کے لیے پسند کے ڈاکٹر کو شامل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ حکام کے مطابق تشدد کے سلسلے میں اتوار کو 70 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ طالب علم کی ہلاکت کے سلسلے میں اسکول انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ایک خاتون اور دو مردوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ لڑکی کے اہل خانہ نے ریاضی اور کیمسٹری پڑھانے والے دو اساتذہ پر پڑھائی کے نام پر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے۔ ان دونوں اساتذہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کلاکوریچی سے تقریباً 15 کلومیٹر دور چناسیلم کے کنیامور علاقے میں ایک پرائیویٹ رہائشی اسکول میں 12ویں جماعت میں پڑھنے والی 17 سالہ لڑکی 13 جولائی کو ہاسٹل کے احاطے میں مردہ پائی گئی تھی۔کلاکوریچی چنئی سے تقریباً 260 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ لڑکی کا کمرہ ہاسٹل کی تیسری منزل پر تھا۔ اس نے مبینہ طور پر بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی۔ تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ لڑکی کو مرنے سے پہلے کئی زخم آئے تھے۔ پولیس نے 17 جولائی کو تشدد کے بعد مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ معاملہ اب سی بی-سی آئی ڈی کو سونپ دیا گیا ہے