عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈی آئی سی سی آئی کے پروگرام سے رکن کونسل کویتا کا خطاب
حیدرآباد۔ 8؍ مارچ
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرر اؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ریاست ، ملک اور دنیا بھر کی خواتین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے صبح اپنی رہائش گاہ پر وینکٹیشورا کالونی کارپوریٹر میں کویتا ریڈی اور ڈیویژن کی خواتین کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے یوم خواتین کی مبارکباد دی۔
بعد ازاں محترمہ کویتا نے سوماجی گوڑہ کی پارک ہوٹل پر دلت انڈیا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈی آئی سی سی آئی ) کی جانب سے منعقدہ یوم خواتین تقریب میں شرکت کی۔
محترمہ کویتا نے مشعل روشن کرتے ہوئے تقریب کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر محترمہ کویتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہر شعبہ میں
خواتین کیلئے مساویانہ حقوق کی وکالت کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک دیکھا جاتا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ریاست کی جامع ترقی کیلئے خواتین کے ساتھ مساویانہ سلوک ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ معاشی خود انحصاری سے خواتین کی فیصلہ سازی کی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ اپنے دم پر بڑے فیصلہ لے سکتی ہیں۔
کویتا نے کہا کہ حکومت خواتین و لڑکیوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے اور ریاست کی تشکیل کے بعد خواتین کے بہبود کیلئے کئی ایک اسکیمات متعارف کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی غرض سے حکومت نے کئی ایک تعلیمی ادارہ بھی قائم کئے ہیں۔ محترمہ نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے خواتین کی جانب سے شروع کئے گئے اسٹارٹ اپس کی امداد کیلئے وی ہب کی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دلت خواتین کی صنعتی ترقی کیلئے مالی اعانت فراہم کرے گی اور معاشی طور پر انہیں بااختیار بنائے گی۔ انہوں نے دلت خواتین کیلئے دلت انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈی آئی سی سی آئی ) کے اقدامات قابل ستائش ہے
۔ محترمہ کویتا نے کہا کہ ہندستان کے پہلے وزیر قانون و آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر ہر لحاظ سے معاشرے کیلئے ایک مثال ہے۔بعد ازاں کویتا نے ملاریڈی گروپ آف انسٹی ٹیوشنس اور اکشارا انٹرنیشنل اسکولس کے زیر اہتمام منعقدہ ویمنس ڈے تقاریب میں حصہ لیا۔
