نئی دہلی : 19؍اگست
(زیڈ این ایم ایس)
محبوبہ مفتی کی پارٹی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں و کشمیر میں ووٹر لسٹ میں باہر کے ووٹرز کو شامل کرنے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں و کشمیر میں ووٹر لسٹ میں غیر مقامی ووٹرز کے نام شامل کرنے کے خلاف پی ڈی پی نے جمعہ کو سری نگر میں احتجاجی مارچ نکالا۔ پی ڈی پی کے چیف ترجمان سہیل بخاری کی قیادت میں کئی لیڈروں نے یہاں شیر کشمیر پارک کے قریب پارٹی کے ہیڈکوارٹر سے مارچ کا آغاز کیا۔
پی ڈی پی کے ترجمان سید سہیل بخاری کنے کہا کہ یہ مارچ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے جموں و کشمیر کی ووٹر لسٹ میں باہر کے ووٹروں کو زبردستی شامل کرنے کی سازش کے خلاف نکالا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کو کچلا جا رہا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی شناخت اور جمہوری حقوق کو تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں لیکن جموں و کشمیر کے عوام اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
سہیل بخاری نے مزید کہا کہ پی ڈی پی قائدین پرامن احتجاج کے ذریعہ جمعرات کو پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے کہی گئی بات کو دہرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مارچ کا مقصد یہ پیغام دینے کی کوشش کرنا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ اسے برداشت نہیں کریں گے۔ پیر کو نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی طرف سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ پر بخاری نے کہا کہ پارٹی کو امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور جموں و کشمیر کے لوگ ہماری شناخت اور حقوق پر ہونے والے اس حملے سے نمٹنے کے لیے اکٹھے ہوں گے۔
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) ہردیش کمار نے جمعرات کو اعلان کیا کہ غیر مقامی ووٹر بھی وادی میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے باہر کے لوگوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا ہے۔ اس میں ملازمین، مزدور، طلباء یا دوسری ریاستوں کے تارکین وطن شہری بھی جموں و کشمیر کی ووٹر لسٹ میں شامل ہوں گے۔ یہاں تک کہ وادی میں طویل عرصے سے کرائے پر رہنے والے لوگ بھی ووٹر لسٹ میں نام شامل ہونے کے بعد اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔
