جگتیال میں شیواجی مجسمہ کی غیر قانونی تنصیب‘ تنازعہ کا شکار

تازہ خبر تلنگانہ

جگتیال :13؍فروری
(عمران زین)
تلنگانہ ریاست کے جگتیال میں بلااجازت نصب کردہ شیواجی کے مجسمہ کو کل درمیانی شب بلدی عہدیداروں نے ہٹادیا ۔جس سے جگتیال ٹاون میں ایک تنازعہ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔مدیراج سنگم و متعلقہ طبقہ کے لوگوںنے مل کر میٹھے پانی کی باولی کے قریب شیواجی کے مجسمہ کو راتوں رات نصب کیا تھا ۔

جب یہ اطلاع میونسپل حکام کو ملی تو فوری شیواجی کے مجسمہ کے مقام پہنچ کر جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ شیواجی کا مجسمہ اجازت کے بغیر نصب کیا گیا ہے جو ادارہ جات مجالس مقامی کے رہنمایا نہ خطوط کے مغائر ہے میونسپل حکام نے غیر قانونی طور پر نصب کردہ شیواجی کے مجسمہ کو اُکھاڑ دیا۔بلدی عہدیداروں کے اس اقدام پر مدیراج سنگم‘ کے قائدین نے و ارکان نے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ بلدی عہدیداروں نے دانشتہ طور پر مذکورہ مجسمہ کو ہٹادیا ۔

حالات میں گرمی کو دیکھتے ہوئے میونسپل عہدیدار ‘ پولیس کے ذمہ داروں نے مدیراج سنگم کے قائدین سے بات چیت کی اور ترغیب د ی کہ اجازت کے بغیر کسی بھی مجسمہ کی تنصیب کو برداشت نہیں کیا جاسکتا البتہ اجازت کے بعد اگر مجسمہ کو نصب کیا جاتا ہے تو ان کوئی اعتراض نہیں ہے

جس کے بعد مذکورہ طبقہ کے قائدین نے اپنے مظاہرہ سے دستبراری اختیا ر کرلی ۔جس سے حالات معمول پر آگئے ۔اس واقعہ کے بعد ٹاون کی صورتحال بھانپتے ہوئے پولیس نے چوکسی اختیار کی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے ارتکاب کی نوبت پیش نہ آئے جگتیال ڈی ایس پی آر پرکاش کی زیر قیادت سرکل انسپکٹر کے کیشور و سب انسپکٹران ‘ کے بشمول وسیع تر پولیس بندوبست کیا گیا۔ وقفہ وقفہ سے پولیس کی گاڑیاں ٹاون میں گشت کررہی ہیں

دریں اثنا ء مجسمہ کی برخواستگی کی اطلا ع کے فوری بعد صدر ضلع بی جے پی نے اپنے حواریوں کے ساتھ و پارٹی قائدین کے ساتھ مل کر مقام واقعہ کا جائزہ لیا۔

بعدازاں شیواجی کے مجسمہ کی دوبار ہ تنصیب کے لئے عہدیداروں سے بات چیت کی ۔صدر بی جے پی کے ہمراہ صدر ٹاون بی جے پی پی انیل کمار‘ صدر او بی سی مورچہ جگتیال کے گنگادھر‘ ٹاون وائس پریسڈنٹ ٹی پون سنگھ‘ صدر یوا مورچہ روی تیجا ‘ اور ڈاکٹر روی شنکر‘ موجودتھے