جگتیال :9؍جنوری
(زین نیوز)
مہلک ہتھیاروں اور تلواروں کے حملہ میں ایک نوجوان کی ہلاکت واقع ہوئی ۔یہ واقعہ جگتیال اربن منڈل کے دھرور موضع میں آج صبح پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق دھرور سے تعلق رکھنےوالے 25؍سالہ ایری شیٹی راجیش نامی نوجوان کو اس وقت موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
جب وہ کھیت کو پانی دینے کی غرض سے اپنی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ اس کے حریفوں نے تعاقب کرکے درمیانی راستہ میں ہی مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں راجیش کی بر سر موقع ہلاکت واقع ہوئی۔ مقام حملہ پر نعش خون میں لت پت پڑی رہی

بتایا جاتا ہے کہ دو گنٹے اراضی کو لیکر گذشتہ چندسالوں سے دو فریقین کے مابین تنازعہ چل رہاتھا ۔ دیڑھ سال قبل اسی اراضی کے تنازعہ میں مقتول گنگا ریڈی نامی نوجوان کے قتل کے معاملہ میں ملوث تھا تاہم پولیس نےیہ قیاس کیا کہ آپسی مخاصمت کی ہی وجہ سے حریفوں نے راجیش کا قتل کیاہوگا۔
گذشتہ کئی سالوں سے دو خاندانوں کے درمیان اراضی کو لیکر لڑائی جھگڑے چل رہے تھے۔واقع کی اطلاع کے بعد رورل سب سرکل انسپکٹر وائی کرشنا کمار‘ انسپکٹر مسٹر اے انیل اپنے عملہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا تفصیلات حاصل کیں

افراد خاندان کی شکایت پر ایک مقدمہ درج رجسٹرڈ کرتے ہوئے مختلف زایوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا
بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانے منتقل کردیا۔پولیس کی جانب سے مفرور ملزمین کی تلاش جار ی ہے
راجیش کے قتل کی اطلاع کے ساتھ موضع میں سراسمیگی کی لہر دوڑ گئی۔عوام کی کثیر تعداد مقام واردات پہنچ گئی
