پٹنہ: 4؍اپریل
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
حضرت امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی رحمت اللہ علیہ کو نم آنکھوں سے جامعہ خانقاہ رحمانی مونگیر میں والدگرامی حضرت مولانا منت اللہ رحمانی اور دادا حضرت مولانا محمد علی مونگیری علیہما الرحمہ کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا ۔

حضرت امیر شریعت کے جنازہ میں لاکھوں انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دکھائی دیا۔ کافی دور دراز سے لوگوں نے حضرت کے جنازہ میں شرکت کی ، نماز جنازہ حضرت امیر شریعت کے فرزند فہد رحمانی صاحب کی اجازت سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری حضرت امیر شریعت کے خلیفہ ومجاز مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے پڑھائی۔
جنازے کی نماز میں دو گھنٹے کی دیری ہوئی ، جس کی وجہ سے لوگوں کو تیز دھوپ اور گرمی کا سامنا کرنا پڑا، وجہ یہ سامنے آئی کہ نائب امیر شریعت نہیں پہونچے تھے ایک ذرائع نے یہ بتایا کہ امیرشریعت کے بڑے صاحبزادے کا انتظار ہے وہ بیرون ملک میں قیام پزیر ہیں ان کی آمد کا انتظار ہورہا ہے ۔بہر کیف تقریبا ایک بجے جنازہ کی نماز ادا کی گئی۔
واضح رہے کہ بہار سرکار نے اعلان کیا تھا کہ سرکاری سمان کے ساتھ الوداع کیا جائے گا اسی کے تحت حضرت امیر شریعت کے جسد خاکی کو بہار پولس نے سلامی بھی پیش کی ۔
(بشکریہ ہندوستان اردو ٹائمز)
