انٹرنیٹ پر ویڈیوز دیکھ کر وارداتیں
حیدرآباد: 19؍جون
(زین نیوز)
انٹرنیٹ پر خواتین کے جسم سے طلائی زیورات اڑانے کے ویڈیوکے مشاہدہ کے بعد ان وارداتوں کو انجام دینے والے ایک نوجوان کو پولیس سی سی ایس ملکاجگیری نے جواہر نگر پولیس کی اعانت سے گرفتار کرلیااور اسکے قبضہ سے 4لاکھ روپے مالیتی طلائی زیورات اور دو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
اس بات کا انکشاف خاتون ڈی سی پی ملکاجگیری اکشیتا مورتی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انھوں نے بتایا کہ شیواجی نگر کا ساکن 22سالہ نوجوان سندیپ چاری جو ابتدا میں خانگی ملازمت کرتا تھا معاشی پریشانیوں کے باعث ماضی میں قفل شکنی کی وارداتوں میں ملوث پائے جانے پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں 10جڑواں بچوں کو جنم دینے کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہونے پر خاتون کوگرفتار
جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد اس نے قفل شکنی کی وارداتوں کو ترک کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر خواتین کے جسم سے طلائی زیورات اڑانے کے واقعات کا مشاہدہ کرنے لگا تھا اور پھر ان وارداتوں کو انجام دینا شروع کردیا۔
گزشتہ دنوں ملکاجگیری‘جواہر نگر پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں رہزنی کی مسلسل وارداتوں کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی تھی کہ کل رات سندیپ کو پولیس نے موٹر سائیکل پر مشتبہ حالت میں پاپرال علاقہ میں گھومنے کے دوران حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران اس کے قبضہ سے رہزنی کی وارداتوں میں سرقہ کی گئی 4لاکھ روپے مالیتی زیورات اور دو موٹر سائیکلوں کو بر آمد کرلیا۔
خاتون ڈی سی پی نے بتایا کہ سی سی ایس ملکاجگیری پولیس اور جواہر نگر پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جسے آج دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔