رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے نام سے مہر اور فرضی دستاویز تیار کرنے والے دو افراد گرفتار

تازہ خبر جرائم حادثات قومی
دیوبند، 15؍ستمبر
(رضوان سلمانی) 
سہارنپور کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کی فرضی مہر تیار کرکے دستاویز تیار کرنے والے دو ملزمان کو سہارنپور شہر کوتوالی پولیس نے گرفتار کیا ہے اور ان کے پاس سے ممبر پارلیمنٹ کے نام سے تیار کئے گئے فرضی  مہر اور دستاویز برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار کئے گئے ایک ملزم ’’جن سودھا کیندر‘‘ چلاتا تھا ۔
 ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڑا نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ممبر پارلیمنٹ کے پی آر او محمد حسان نے شہر کوتوالی میں گزشتہ دیر شام رپورٹ درج کرائی تھی ، ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، پولیس نے گوپال نگر کے رہنے والے ونش اور سیتیا وہار کے رہنے والے وکاس ورما کو گرفتار کیا ، ملزمان کے پاس سے ممبر پارلیمنٹ کی نام کی ایک مہر اور کچھ دستاویز برآمد ہوئے ہیں جن پر ملزمان نے ممبر پارلیمنٹ کی مہر لگاکر ان کی فرضی دستخط بھی کئے ہوئے تھے ۔
 انہوں نے بتایا کہ ان میں ملز م وکاس ورما ’’جن سودھا‘‘ کیندر چلاتا ہے جو آدھار کارڈ میں نام تبدیل کرنے کے لئے ممبر پارلیمنٹ کی فرضی مہر کا سہارا لے کر فرضی دستاویز تیار کرتا تھا ، اس کے علاوہ ملزم ممبر پارلیمنٹ کے فرضی مہر اور دستخط بناکر لوگوں سے ٹھگی بھی کرتے تھے۔ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے دفتر پر انکش نام کا نوجوان آدھار کارڈ پر نام تبدیل کرانے کے لئے کاغذات بنوانے کے لئے گیا تھا ، جہاں پر ممبر پارلیمنٹ کے ملازمین نے دیکھا کہ انکش کے پاس دوسرے فارم بھی ہیں جس پر ممبر پارلیمنٹ کے فرضی دستخط بناکر مہر لگا رکھی ہے ۔
انکش نے بتایا کہ اسے یہ دستاویز ونش نے تیار کراکے دیئے ہیں ، اس کی اطلاع ممبر پارلیمنٹ کے پی آر او محمد حسان نے پولیس کو دی ، پولیس نے فوراً ونش کو گرفتار کیا تو اس نے وکاس ورما کے ساتھ مل کر فرضی واڑہ کرنے کی تفصیل بتائی جس کے بعد پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا اور ان سے مزید پوچھ تاچھ کی، پوچھ تاچھ میں آگے بڑے راز سامنے آسکتے ہیں