رکن کونسل کویتا کی بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو چو کس رہنے کی ہدایت

تازہ خبر تلنگانہ

 نظام آباد  کلکٹر سی نارائن ریڈی اور خصوصی آفیسر

کرسٹینا سے فون پر بات چیت

حیدرآباد:۔11جولائی

(زین نیوز)
ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے،محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید دو دن تک طوفانی بارش کی پیش قیاسی کے بعد کلکٹر نظام آباد سی نارائن ریڈی اوراسپیشل آفیسر کرسٹینا سے فون پر بات کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔

کویتانے کہا کہ بارش کے سبب برقی کی سربراہی میں خلل پڑا ہے اور کئی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔

انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نظام آباد ضلع میں شدید بارش کے پیش نظر مسلسل چوکس رہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری راحت کاری کے اقدامات کریں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ انہوں نے برقی کی موثر سربراہی کے علاوہ دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیلاب زدہ علاقوں میں راحت کاری اقدامات میں تیزی لائیں تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ علاوہ ازیں نشیبی علاقوں، شاہراہوں اور پلوں پر خصوصی نگرانی کی ہدایت دی۔

ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ نندی پیٹ، سری کونڈہ اور بودھن علاقوں میں عوام کے لئے خصوصی ایمبولنس کا انتظام کریں۔ دختر وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن کسانوں کی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

ریاستی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔ سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نگرانی کے لئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ خصوصی آفیسر کرسٹینا نظام آباد کا جلد دورہ کریں گی ۔