کمشنر بلدیہ کورٹلہ محمد ایاز احمد کو عہدیداروں نے تہنیت پیش کی۔
کورٹلہ :۔12؍اکتوبر
(عمران احمد کورٹلوی)
مرکزی حکومت کی جانب سے کورٹلہ بلدیہ کو حاصل ہونے والے قومی ایوارڈ س سوچھ سرویکشن اور سوچھتا لیگ پر کمشنر بلدیہ کورٹلہ محمد ایازاحمد کو محکمہ روینیؤ کی تنظیم اور ٹی این جی اوس و دیگر سماجی تنظیم کے کارکنان نے تہنیت پیش کرکے مبارکباد دی ۔اس موقع پر ضلع جگتیال کے محکمہ روینیؤ کے ملازمین کی تنظیم کے صدر محمد وکیل، اردو آفیسر ضلع جگتیال محمد کلیم الدین،محمد محمود علی سینیر اسسٹنٹ،محمد سہیل گرداور کتھلا پور منڈل،محمد رؤف معلم، محمد ریحان سماجی کارکن، اظہر اور دیگر موجود تھے۔
ضلع جگتیال کے محکمہ روینیؤ کے ملازمین کی تنظیم کے صدر محمد وکیل نے اس موقع پر کہا کہ ریاست تلنگانہ کی 3 بلدیات کو انڈین سوچھتا لیگ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پیر زادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن، عالم پور اور کورٹلہ بلدیات کو مرکزی حکومت نے انڈین سوچھتا لیگ ایوارڈز کے لیے منتخب کیا ہے۔
2/اکٹوبر کو دہلی کے تالکٹورہ اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت برائے امکنہ جات اور شہری ترقی کوشل کشور کے ہاتھوں متعلقہ بلدیات کے کمشنروں اور چیئرمین نے ایوارڈحاصل کیا۔
اردو آفیسر ضلع جگتیال محمد کلیم الدین نے کہا کہ شہر کورٹلہ کی حقیقی ترقی محمد ایازاحمد کے ذریعہ کمشنر بلدیہ کے عہدے پر جائزہ لینے کے بعد ہوئی ہے۔نہ صرف ریاست بلکہ انھوں نے اپنی بہترین خدمات کے ذریعہ شہر کورٹلہ کا نام ملک بھیر میں روشن کیا ہے۔کوڑے سے پاک شہروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انڈین سوچھتا لیگ ایوارڈ کو مرکزی حکومت نے پیش کیا ۔ اس میں عالم پور شہر کو 15 ہزار سے کم آبادی والے قصبوں کے زمرے میں منتخب کیا گیا ہے۔
پیر زادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن کو 25 سے 50 ہزار آبادی والے قصبوں کے زمرے میں اور کورٹلہ منڈل کو 50 ہزار سے ایک لاکھ آبادی کے زمرے میں منتخب کیا گیا ہے۔
ریاستی میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے کمشنر اور ڈائرکٹر این .ستیہ نارائنا، ورنگل، حیدرآباد ریجنل ڈائرکٹرس اربن ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ، پیرذادی گوڑہ کے میئر جکا وینکٹ ریڈی، کمشنر رام کرشنا، کورٹلہ میونسپل کمشنرمحمد ایاز، عالم پور میونسپل کمشنر نتیا نند اور دیگر نے اس پروگرام میں حصہ لیاتھا۔
اس کامیابی پر ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر محکمہ بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور اسپیشل چیف سیکریٹری اروند کمار کی جانب سے بھی بتاریخ 04/اکٹوبر/2022 کو شہر حیدرآباد کے ایم سی ایچ آر ڈی ادارہ میں ایوارڈ یافتہ بلدیہ کمشنران کی تہنیت کی گئی۔