نئی دہلی : 9؍ستمبر
(زیڈ این ایم ایس)
نوپور شرما کیس: بی جے پی کی معطل و سابق ترجمان نوپور شرما کو پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ متنازعہ بیان کے معاملے میں جمعہ کو بڑی راحت ملی ہے۔ دراصل سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی گرفتاری کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ واضح رہےکہ مبینہ متنازعہ بیان کو لے کر نوپور شرما کے خلاف ملک کی کئی ریاستوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان سب کو دہلی منتقل کرنے کا حکم پہلے ہی دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت کی سربراہی والی بنچ نے عرضی گزار سے کہا کہ وہ نوپور شرما کے خلاف دائر درخواست واپس لے۔ بنچ نے کہا کہ یہ بہت سادہ سا لگتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کے بہت دور رس نتائج ہیں۔ اس لیے درخواست واپس لی جائے۔ اس کے بعد، درخواست گزار کی رضامندی سے، یہ فیصلہ کیا گیا کہ درخواست کو واپس لے لیا جائے اور اسے خارج کر دیا جائے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ حکام کو کارروائی کرنے اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر نوپور شرما کو گرفتار کرنے کا حکم دے۔ سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ ابو سہیل کی جانب سے ایڈووکیٹ چاند قریشی کے ذریعہ دائر کی گئی۔ درخواست میں آزادانہ، قابل اعتماد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نوپور شرما کے پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ متنازعہ بیان پر ملک اور بیرون ملک زبردست ہنگامہ ہوا تھا۔ نوپور کی حمایت کرنے پر ادے پور اور اورنگ آباد میں قتل کے معاملے بھی سامنے آئے۔ ملک کے کچھ حصوں میں فسادات بھی ہوئے۔ نوپور شرما کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی
