ایم ایل اے پر عائد مقدمات کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائی جائے ۔سکند رعلی
دیوبند:۔یکم؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی) شہر کے سماجی خدمت گار اور سابق میونسپل رکن سکندر علی نے جیل میں قید کیرانہ اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ناہید منور حسن کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور انصاف پر مبنی جانچ کرائے جانے اور ناہید حسن کو جیل سے رہا کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند کو ایک تحریر ارسال کی ہے ۔
صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے نام ارسال کردہ تحریر میں سکندر علی نے گذشتہ 8؍9؍مہینوں سے جیل میں قید کیرانہ کے ایم ایل اے منور حسن کو مظفرنگر جیل سے بلا کسی سبب چتر کوٹ جیل میں بھیجے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کایہ اقدام عوامی نمائندوں کا استحصال کئے جانے کے مترادف ہے ۔
سکندر علی نے مطالبہ کیا ہے کہ ناہید حسن پر درج مقدمات کی غیر جانبدارانہ طریقہ سے جانچ کرائی جائے اور بے قصور پائے جانے پر انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر جمہوریہ ہند ان کی عرضی پر توجہ دیں گی اور اس سلسلہ میں کارروائی کئے جانے اور ناہید حسن پر عائد الزامات کی غیر جانبدارانہ طریقہ سے جانچ کرائے جانے کے احکامات دیں گی۔