مدارسِ اسلامیہ کی مالی حالت شدید طور پر متاثرہ ،فراخدلانہ تعاون کیلئے جمعیۃ علماء کی اپیل
کاماریڈی یکم؍مئی
( زین نیوز ڈاٹ نیٹ
مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرپردیش نے اپنی صحافتی بیان میں عامۃ المسلمین سے بڑے دکھ کے ساتھ یہ اپیل کی ہے کہ موجود ہ کرونا کے حالات، نائٹ کرفیو اور گزشتہ ایک سال سے لاک ڈاون کی جو صورتحال رہی اس کی وجہ سے ملت اسلامیہ کی روح اور ان کے دین وایمان کی حفاظت کے لئے سرگرم طبقہ علماء، حفاظ، ائمہ وموذنین شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں،
لیکن فطری شرافت اور سوال کا مزاج نہ ہونے کی وجہ سے ان کی پیشانی پر کسی قسم کا شکن نہیں دیکھا جاتا،لیکن ان حالات کی وجہ سےبہت سے علماء، ائمہ وموذنین کے مالی وسائل بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ لاک ڈاون اور اس کی وجہ سے سفر کی پابندی ملاقاتوں میں حددرجہ احتیاط کے نتیجہ میں مدارس اسلامیہ کے ذمہ داران جو تعاون ہر سال وصول کیا کرتے تھے وہ بھی بہت حد تک محدود ہوکر رہ گیا ہے
بلکہ اپنے اخراجات کے دس بیس فیصد سے زائد بہت سے مدارس کے ذمہ داران وصول نہیں کرپائے، جس کی وجہ سے بہت سے ایسے مدارس ہیں جہاں آٹھ آٹھ دس دس ماہ سے اساتذہ کرام کو تنخواہیں نہیں دی جاسکیں ،

یہ رمضان المبارک جو عام طور پر زکوۃ اور صدقات کے ذریعہ سے مدارس کے تعاون کا مہینہ ہوتاہے اور جس میں عمومامدارس اسلامیہ اپنے بجٹ کا ستر، اسی فیصد حصہ مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس مہینہ میں بھی کووڈ کے کیسس میں اضافہ کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ اس سال بھی مدارس اسلامیہ کا مالیہ شدید طور پر متاثر ہوگا ،
اس تناظر میں صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے عامۃ المسلمین سے اور بالخصوص اس طبقہ سے جو دل دردمند رکھتاہے اور اس بات کا احساس رکھتاہے کہ یہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں، اس کی حفاظت کی بنیادیں ہیں ،وہ مدارس کے تعاون کے لئے آگے آئیں، سابق میں جتنے حضرات مدارس کو جو تعاون دیتے تھے،
وہ تعاون خود پہونچانے کی کوشش کریں چاہے وہ بالواسطہ ہو یا آنلائن ذرائع کے ذریعہ ہو۔ ساتھ ہی ساتھ محلہ میں موجود مسلمانوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ائمہ، موذنین، علماء وحفاظ کی خبر گیری کریں اور ان حالات کے اندر جو بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، خاموشی کے ساتھ بغیر کسی تشہیر کے ان تک رقم پہونچانے کی فکر کی جائے اور ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے کا اہتمام کیا جائے،
ان حضرات نے زور دے کر کہا کہ اس طبقہ کی ان نازک حالات کے اندر مددکرنا ہماری مذہبی واخلاقی ذمہ داری ہے۔
مفتی محمود زبیر
قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ واے پی