Superem Court

  غداری قانون پر پابندی برقرار، مرکز نے سپریم کورٹ سے وقت مانگا

تازہ خبر قومی
نئی دہلی:۔یکم؍نومبر
(زیڈ این ایم ایس)
سپریم کورٹ میں پیر کے روز متنازعہ بغاوت کے قانون میں تبدیلی کے حوالے سے سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ بغاوت کے قانون اور اس کے نتیجے میں درج ہونے والے مقدمات پر عارضی روک لگانے کا حکم نافذ رہے گا۔ عدالت نے اس پروویژن پر نظرثانی کے لیے مناسب قدم اٹھانے کے پیش نظر پیر کو مرکز کو اضافی وقت دیا ہے۔
مرکز نے عدالت سے کچھ اور وقت مانگا۔چیف جسٹس ادے امیش للت اور جسٹس ایس رویندر بھٹ اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ سے اٹارنی جنرل آر وینکٹرامانی نے کہا کہ مرکز کو کچھ اور وقت دیا جانا چاہئے کیونکہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کچھ ہو سکتا ہے۔
ملک کے اعلیٰ قانون افسر نے کہا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے زیر غور ہے اور 11 مئی کے عبوری حکم کے پیش نظر اس پروویژن کے استعمال پر روک لگانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
عدالت نے مرکز کو نوٹس جاری کیا اور 6 ہفتوں میں جواب طلب کیا۔بنچ نے کہا، "اٹارنی جنرل آر وینکٹرامانی نے استدلال پیش کیا ہے کہ یہ معاملہ 11 مئی 2022 کو اس عدالت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے حوالے سے اب بھی متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کر رہا ہے۔
” انہوں نے زور دیا کہ کچھ اضافی وقت دیا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس سال 11 مئی کو اس عدالت کی جانب سے جاری کردہ عبوری ہدایات کے پیش نظر ہر مفاد اور متعلقہ موقف کا تحفظ کیا گیا ہے اور کسی کے خلاف کوئی تعصب نہیں ہے۔
 ان کی درخواست پر، ہم اس معاملے کو جنوری 2023 کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بنچ نے اس موضوع پر دائر کچھ دیگر عرضیوں کا بھی نوٹس لیا اور مرکز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 ہفتوں میں جواب طلب کیا۔
جانئے عدالت نے پہلے کیا کہا تھا۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے 11 مئی کو جاری اپنے تاریخی حکم میں بغاوت کے قانون پر اس وقت تک روک لگا دی تھی جب تک کہ مرکز نوآبادیاتی دور کے قانون پر نظرثانی کا اپنا وعدہ پورا نہیں کرتا۔
 عدالت نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اس قانون کی دفعات کے تحت کوئی نیا مقدمہ درج نہ کریں۔