غیر مناسب، غیر اخلاقی و غیر قانونی قدم اٹھانے سے پرہیز کریں: مولانا عبدالمالک مغیثی

تازہ خبر قومی

آل انڈیا ملی کونسل ضلع سہارنپور کی اپیل

دیوبند، 16؍ جون
(رضوان سلمانی)
آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے پریس کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلمان ہمیشہ امن کو پسند کرتے ہیں اوراپنی سوسائٹی و معاشرے میں اچھی باتوں کی تبلیغ کرتے ہیں، کیونکہ اسلام نے انھیں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی ایک ناقابل معافی جرم ہے،

حالیہ کچھ عرصوں میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس سے نہ صرف یہ کہ بھارتی مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں برہمی پیدا ہوگئی ہے۔لیکن دیکھا جاتا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے مشتعل ہو کر احتجاج و مظاہرے تو خوب ہوتے ہیں۔ لیکن ان کی مناسب قانونی چارہ جوئی کی فکر نہیں کی جاتی ہے جبکہ اصل لڑائی پولس اسٹیشن اور کورٹ میں لڑی جاتی ہے۔

سیاسی بساط پر کچھ بھی جاری ہو لیکن قانونی لڑائی کا اثر ہمیشہ مثبت ہی رہتا ہے اور یہی طریقہ ہمیشہ ہمارے اکابرین نے اختیار کیا ہے۔کسی بھی معاملے پراحتجاج کرنا ہماراجمہوری حق ہے اوراحتجاج ہونا چاہیے لیکن قانون کے دائرے میں رہ کرہونا چاہئے۔ہم کوشش کریں کہ کبھی بھی امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، قانون کے دائرے میں رہ کر ہی احتجاج کریں۔

ملکی موجودہ صورتحال کے مد نظر اور وقت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے مسلمانان ہند خاص طور سے مسلمانان شہر و ضلع سہارنپور کی عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کے حوالے سے کوئی بھی غیر مناسب، غیر اخلاقی و غیر قانونی قدم اٹھانے سے پرہیز کریں اور اسی طرح قبل جمعہ یا بعد جمعہ احتجاج یا مظاہرے سے احتراز رکھیں تاکہ شرپسند عناصر کو مواقع فراہم کرنے سے بچا جائے،

اس کے بجائے نہایت حکمت عملی کے ساتھ آئین ہند کے دائرے میں رہتے ہوئے قانونی طور سے اپنی آواز اٹھائیں اور اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شرانگیز اور فتنہ پرور عناصر سے دور رہیں اور کوئی بھی ایسا کام کرنے سے گریز کریں کہ جس سے کسی طرح کے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہو اور اللہ تعالی سے دعا کرتے رہیں ان شاء اللہ حالات بہتر ہوں گے۔