لاک ڈاون میں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں

بین الریاستی تازہ خبر

حکومت خصوصی پیکیج کا اعلان کرے: ڈاکٹر نسرین سلطانہ
حیدرآباد۔17مئی
(زین نیوز)
ڈاکٹر نسرین سلطانہ نے کہا کہ کوویڈ کے کیسس میں اضافہ کودیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے لاک ڈاون نافذ کردیا ہے مگر اس سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہے ۔کیونکہ صبح کے اوقات میں بازاروں میںگہماگہمی دیکھی جارہی ہے۔شہرکے اہم مقامات پر لاک ڈاون میں نرمی کے دوران سماجی فاصلہ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

انھوں نے کہاکہ لاک ڈاون نافذ کرنے سے غریب عوام کا کافی نقصان ہوا ہے وہ دو وقت کی روٹی کیلئے کافی تگ ودو کررہے ہیں۔ڈاکٹرنسرین سلطانہ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بغیر کوئی منصوبہ بندی کے لاک ڈاون نافذ کردیا ہے جس کی وجہ سے روزہ مرہ کا کاروبار کرنے والے افراد کا برا حال ہوا ہے۔

ریاستی حکومت کی جانب سے غریب افراد کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔صرف سفیدراشن کارڈ ہولڈرس کیلئے فی ممبر 5 کیلو مفت چاول کا اعلان کردیا گیا ہے مگر وہ بھی راشن دوکانات پر فراہم نہیں کیا گیا جس سے سفید کارڈ ہولڈرس کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اگر22مئی کے بعد لاک ڈاون میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے تو اسے پہلے غریبوں کیلئے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے کیونکہ غریب افراد کوویڈسے پہلے بھوک کی تاب نہ لاکر اپنی جانوںکو گنوادیں گے۔انھوںنے کہا کہ اچانک لاک ڈاون کے نفاذ کی وجہ سے عوام کو کئی ایک مسائل و مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

مکان دار مہینہ ہوتے ہی کرایہ دارپر کرایہ کیلئے دبائوڈالتے ہیں وہ غریب بیچارے کرایہ دار کہاں سے کرایہ لاکر دیں گے ۔امیر افراد تو کسی بھی طرح سے اپنی عالیشان کوٹھیوں میں زندگی بسر کرلیں گے مگر متوسط اور غریب افراد کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

کرانہ دوکانات پر بھی من مانی قیمتیں وصول کی جارہی  ہیں حکومت کو اس کا بھی نوٹ لینا ضروری ہے۔ترکاری کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اگر یہی حال رہا تو غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہوجائیں گے۔

انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندرشیکھر رائو سے مطالبہ کیا کہ وہ غریبوں کے اکائونٹ میں کم از کم 10 ہزار روپے جمع کرائیں تاکہ وہ لاک ڈاون کے دوران آسانی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ سماجی فاصلہ کا پورا پوراخیال رکھیں اور ماسک کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں۔وقتاً فوقتاً ہاتھوں کو صابن سے دھوتے رہیں ۔