ماحول کے تئیں بیداری مہم وقت کا تقاضہ

تازہ خبر قومی
شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مولانا واصل حسینی
کیرانہ/دیوبند:16؍جولائی
(رضوان سلمانی)
پیڑ پودے لگانا ماحولیات کے لیے بہت ضروری ہے، ماحول کے تحفظ اور فطری تقاضوں کی تکمیل کے لیے پیڑ پودے ہی واحد حل ہیں۔ماحول کو کثافت سے بچانے کے لیے ہی جمعیۃ علماء یوتھ کلب نے گزشتہ ۱۰ جولائی سے پیڑ پودے لگانے کی مہم شروع کی ہے۔اس موقع پر مولانا واصل الحسینی نے کہا اس مہم کے دوران ہمارا ہر رکن ہر دن کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور ایسی جگہ لگائے جہاں اس کی دیکھ بھال ہوتی رہے۔
انھوں نے کہا اس مہم کوجمعیۃ یوتھ کلب اور بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈمشترکہ طور پر چلارہے ہیں۔انھوں نے کہا بیداری مہم ہی وقت کا تقاضہ ہے۔لوگ ماحولیات کے تعلق سے بیدار ہوں گے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔انھوں نے کہا ہر شخص اپنے اپنے علاقہ میں یہ ذمہ داری قبول کرلے اور اس پر عمل کرلے تو ماحول کا مسئلہ حل ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگیوں سے چھٹکارہ پانے کا ایک ذریعہ شجر کاری ہے کیونکہ درخت اور پودے فضائے آلودگیوں کے دشمن ہیں ۔مسموم فضاؤں کودرخت کی تازہ اور صاف شفاف ہوائیں ختم کردیتی ہیں ۔شجر کاری اور پیڑ پودے لگانے سے ملک اور معاشرہ میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ پودے فضاؤں میں آوارہ پھرنے والے زہلی گیسوں کو جذب کرکے آکسیجن یعنی شفاف ہوا خارج کرتے ہیں جس سے ہماری صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے لڑنے اور امراض کے خاتمہ کے لئے پودوں کا استعمال زمانہ قدیم سے کیا جارہا ہے ۔اسلئے ہمیں اپنے آس پاس پودے لگانا چاہئے ۔