نئی نسل میں دینی بیداری کے لئے پروگراموں کا انعقادعمل میں لایا جائے

تازہ خبر قومی
جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی کی میٹنگ میں لیا گیا فیصلہ 
دیوبند، یکم؍ ستمبر 
(رضوان سلمانی) 
جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی کے عہدیداران وکارکنان کی ایک میٹنگ مدرسہ دارالعلوم عزیزیہ سٹھیڑی میں منعقد ہوئی، جس کاآغاز قاری شعیب عالم کی تلاوت سے ہوا۔ میٹنگ میں نوجوانوںکے اندر تعلیمی واصلاحی بیداری پیدا کرنا اور دینی مکاتب کے قیام،اصلاح معاشرہ،مساجد و مدارس کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ لیا گیا کہ نئی نسل میں دینی بیداری لانے کے لئے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے۔
اس موقع پر مولانا سید محمد سعد خانجہانپوری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نوجوانوں میں دینی بیداری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیو ںکہ آج ہماری نوجوان نسل نشے کرنے، جوا سٹہ کھیلنے اور دنیاوی خرافات میں مبتلا ہے اور اپنی زندگی کو برباد کر رہا ہے، نہ انہیں اپنی صحت کا خیال ہے اور نہ ہی اپنی تعلیم و تربیت پر توجہ دیتا ہے۔
انہو ںنے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کو سیدھے راستہ پر لائیں ، برائیوں سے روکیں ، اگر اس میں دیر کی گئی تو نوجوان نسل مزید تباہ ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں چھوٹے چھوٹے پروگرام کرکے انہیں اصلاح معاشرہ کے بارے میں سمجھانا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ اسلام میں برائیوں سے منع کیا گیا ہے ۔
 مفتی عبدالقادر قاسمی و مفتی نجیب ندوی نے کہاکہ مدارس اسلامیہ کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم کے اسکول و کالج قائم کرنے چاہیے اس لئے کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی بہت ضروری ہے جس کے بغیر دنیا میں کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے ادارے قائم کرنے ہوںگے جہاں پر دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی دلائی جاسکے۔
 مولانا نسیم و مفتی عثمان نے کہا کہ اصلاح معاشرہ وقت کی اہم ضرورت ہے، آج مسلمان خرافات میں مبتلا ہے ،ہم شادی بیاہ میں فضول خرچی کرتے ہیں اور خرچ کی وجہ سے ہم مقروض ہو جاتے ہیں ۔ ہم سب کو مل کر شادی کو سہل اور آسان بنانا ہوگا ورنہ نتائج منفی برآمد ہوں ہیں ۔مولانا خالد و مولانا جاوید اور قاری عبدالرحمن نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے اس ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور جمعیۃ علماء ہمیشہ مظلوموں،بے قصوروں اور متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے اور انکی امداد کرتی ہے۔
 اس موقع پر مولانا محمد سعد،مولاناخالد، حافظ مبین،قاری عبدالرحمن،قاری عالمگیر،قاری شعیب عالم،مفتی مجیب،مفتی عبدالقادر،مولانا جاوید،مولاناصداقت، عبدالناصر صدیقی،مولانا نسیم،مولانا ساجد،قاری معین الدین،فوجی نور حسن،مولانا صداقت،مولانا سیف الرحمن وغیرہ موجود رہے۔ پروگرام کی صدارت مولانا سید محمد سعد خانجہانپوری صدر جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی نے کی اور نظامت کے فرائض مفتی عبدالقادر قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی نے انجام دیئے۔