نبی پاکؐ کی تعلیمات کو عام کرنے پر ہی نفرت کا خاتمہ ممکن

تازہ خبر قومی
مذہب اسلام بلا تفریق علم نافع کے حصول پر زور دیتا ہے ۔صفیہ گوھرپرنسپل پبلک گرلز انٹر کالج
دیوبند:۔ 10؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی) 
جشن عید میلاد النبی کے موقع پر دیوبند کے معروف عصری تعلیمی ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند کی پرنسپل صفیہ گوھر نے طالبات کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام بلاتفریق علم نافع کے حصول پر زور دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عصری علوم سمیت ہر وہ علم جو خدا کی معرفت اور حق کی داہ دکھائے نیز انسانیت کی خدمت کا موقع فراہم کرے وہی علم دارین کی سعادت کے حصول کا ذریعہ ہے ۔
صفیہ گوھر نے کہا کہ یہ نہایت خوش کن بات ہے کہ ہماری بچیاں دینی ماحول میں رہ کر عصری تعلیم کے میدان میں شاندار مظاہرہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اسی روش کو برقرار رکھا گیا بلکہ اس میں مزید بہتری پیدا کی گئی تو چند سالوں میں ہی ایک صالح اور علوم سے مالا مال معاشرہ وجود میں آسکتا ہے ۔
پرنسپل صاحبہ نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ نمازوں کی پابندی اور بلاناغہ تلاوت کلام پاک کو اپنی زندگی کا اگر معمول بنالیں تو دین ودنیا کی ترقی اور سرخروئی سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ طالبات پوری دل جمعی کے ساتھ اپنے اصل مقصد کی طرف متوجہ رہیں تاکہ آپ کی منزل آسان ہو۔
عید میلاد النبی کے حوالہ سے صفیہ گوھر نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں ہمارے پیغمبر آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں تشریف لائے آقائے نامدارؐ نبیٔ آخر الزماں ہیں جن کے بعد قباحت تک دنیا میں کوئی پیغمبر یا نبی نہیں آئے گا ۔انہوں نے کہا ہمارے پیارے نبیؐ نے ہمیشہ امن واخوت اور مساوات کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام دنیا کا سب سے بہترین اور سچا مذہب ہے جس سے پوری دنیا سے اونچ نیچ کے فرق کو ختم کرکے مساوات کا پیغام دیا لیکن اسلام کے پیروکاروں نے حضور اکرمؐ کی تعلیمات کو عام نہیں کیا جس کا خمیازہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔
صفیہ گوھر نے کہا کہ یہ ہم سب کے سوچ وفکر کا مقام ہے کہ اسلام دنیا کا سب سے اچھا مذہب ہونے کے باوجود ہمارے کردار وعمل کیوجہ سے سوالیہ نشانوں کے نرغے میں ہے لیکن اگر اب بھی ہم اپنے کردار وعمل کو درست کرلیں اور نبیٔ پاکؐ کی تعلیمات کو عام کریں تو پوری دنیا امن وسکون اور مساوات کا گہوارہ بن جائے اوردنیا کے ہر گوشہ سے نفرت کا خاتمہ ہوجائے ۔