چیف منسٹر کے سی آر کی عہدیداروں کو ہدایت ۔
حیدرآباد:26؍جنوری
(ایجنسیز)
وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ نشہ آور ادویات (منشیات) کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست سے منشیات کے استعمال کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے۔
وزیراعلیٰ نے 28 جنوری (جمعہ) کو یہاں پرگتی بھون میں "اسٹیٹ پولیس اینڈ ایکسائز کانفرنس” کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ریاست میں منشیات کے استعمال پر قابو پایا جاسکے اور ریاست سے منشیات کے خاتمے کے ضمن میں مناسب اقدامات کئے جاسکیں
۔ مذکورہ کانفرنس کی صدارت وزیراعلیٰ کے سی آر کریں گے جبکہ اس کانفرنس میں وزیر داخلہ، وزیر آبکاری، چیف سکریٹری، ڈی جی پی، ڈائریکٹر جنرلس، تمام اضلاع کے ایس پیز، کمشنران، ڈی سی پیز اور محکمہ آبکاری کے ایس پیز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور رہنمایانہ اصولوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اُنہیں قطیعت دی جائے گی۔
اس تناظر میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کو مزید مستعدی سے منشیات کے خاتمے کے لئے کاروائی کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔آج بروز چہارشنبہ (26 جنوری) کو یہاں پرگتی بھون میں وزیراعلیٰ نے چیف سکریٹری شری سومیش کمار، ڈی جی پی شری مہیندر ریڈی اور حیدرآباد پولیس کمشنر شری سی وی آنند کے ہمراہ منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے موضوع پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس جائزہ اجلاس میں سی ایم او کے اعلیٰ حکام اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "منشیات کے مقدمات میں مجرم چاہے کتنے ہی با اثر اور طاقتور کیوں نہ ہوں اُنہیں سزا ملنی چاہیے۔ اس خصوص میں درکار اقدامات پر سختی سے عمل آوری کے لئے ایک خصوصی ایکشن پلان تیار کیا جانا چاہئے”۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ پولیس میں ایک خصوصی نارکوٹکس اینڈ آرگنائزڈ کرائم کنٹرول سیل (کاؤنٹر انٹیلیجنس سیل) تشکیل دیں جو 1000 اراکین پر مشتمل ہو۔ مذکورہ اسپیشل سیل ڈی جی پی کے ماتحت کام کرے گا اور یہ سیل منشیات کے استعمال و نیز منظم جرائم کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے فرائض انجام دے گا۔