نمرہ نے ہائی اسکول کے امتحان میں ضلع سہارنپور میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے دیوبند کا نام روشن کیا
دیوبند، 18؍ جون
(رضوان سلمانی)
ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ یوپی بورڈ کے نتائج کااعلان کردیا گیا ، اس میں سہارنپور ضلع ریاست میں 24ویں مقام پر رہا۔ ضلع کا ہائی اسکول امتحان نتیجہ 89.91فیصد رہا ۔ ہائی اسکول میں 35128طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا ، ان میں سے 32751طلبہ وطالبات شریک ہوئے جس میں سے 29448طلبہ وطالبات پاس ہوئے۔
اطلاع کے مطابق دیوبند کے رام کرشن انٹر کالج کی طالبہ نمرہ نے 92.33نمبرات حاصل کرکے ضلع میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی ، وہیں ایچ ڈی سمترا دیوی انٹر کالج کے سوریہ پرتاپ سنگھ نے 91.67نمبرات حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ کے ایم آئی سی سرساوہ کی رادھیکا گپتا نے 91.17فیصد نمبرات کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
یوپی بورڈ کے اعلان شدہ ہائی اسکول کے نتائج میں دیوبند کے رام کرشن انٹر کالج کی طالبہ نمرہ نے ضلع ٹاپ کرکے دیوبند کا نام روشن کیا ہے ، اس کامیابی سے نمرہ کے اہل خانہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ دیوبند کے مجنوں والا روڈ کے رہنے والے محمد ابراہیم انجینئر کی لڑکی نمرہ نے 500میں سے 554نمبرات حاصل کرکے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔
نمرہ کے والد گورکھپور کی ایک شوگر فیکٹری میں انجینئر ہیں ، اپنی بیٹی کی کامیابی سے خوش ان کی والدہ شبانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی بچپن سے ہی پڑھائی میں ہونہار رہی ہے، نمرہ کا خواب ہے کہ وہ اپنے والد کی طرح ہی ا نجینئر بنے اور ملک کی خدمت کرے۔ نمرہ نے بتایا کہ اس نے بغیر ٹیوشن پڑھے ہی محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے ، وہ آٹھ گھنٹے پڑھائی کرتی تھی ، نمرہ نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کو دیا ہے۔ دوسری جانب نواب عظمت علی خاں گرلز انٹر کالج مظفرنگر کا ریزلٹ بھی اچھا رہا ، اس موقع پر اسکول کے منیجر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ کسی قوم کے عروج اور اس کی ترقی میں تعلیم بنیادی رول ادا کرتی ہے ۔
کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کا اندازہ اس کی نئی نسل کی تعلیمی رفتار اور تعلیمی معیار سے لگایا جاسکتا ہے اور جس قوم کے بیٹے ہی نہیں بیٹیاں بھی تعلیم کے میدان میں مستعد ہوں وہ قوم بلند وبالا مرتبہ پر فائز ہوجاتی ہے ۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے آج ہائی اسکول کا نتیجہ آنے پر پریس کو دئیے بیان میں کہا کہ الحمد للہ!ہمارے اس کالج میں ہزاروں بیٹیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں اور تقریباً اٹھارہ سال سے مسلسل کالج کا رزلٹ معیاری ہونے کے ساتھ ساتھ سو فیصد بھی آرہا ہے ۔
ہائی اسکول میں 325طالبات امتحان میں شریک ہوئیں اور تمام طالبات نے فرسٹ ڈویژن نیز921ڈسٹنگشن حاصل کیں۔فلک ناز نے 90.16/نمبرات حاصل کرکے ضلع کی ٹاپ ٹین لسٹ میں چھٹا اور ہادیہ ناز نے 89.83/نمبرات حاصل کرکے ضلع کی ٹاپ ٹین لسٹ میں دسواں مقام حاصل کیا ۔ ان کے علاوہ سارہ انصاری نے 89،ناہد مریم نے 87،بشرا اور فرحین نے 86.66/،اقصاء پروین نے 86.33/،شاکرہ نے 85.50/،ثانیہ شکیل نے 85.33/اور ثانیہ نوشاد نے85.16/نمبرات حاصل کئے۔سبھی طالبات نے سبھی مضامین میں ڈسٹنگشن حاصل کی۔
ڈاکٹر نواز دیوبند ی نے کہا کہ یہ تمام طالبات فخر قوم وملت ہیں چونکہ ایک لڑکی جوکہ دو گھرانوں میں اپنا اہم رول ادا کرتی ہے اگر وہ تعلیم یافتہ ہوگی تو نہ صرف دو گھرانوں کا مستقبل بہتر ہوگا بلکہ اس معاشرے کو ایک نئی زندگی ملے گی اور یہ ملک کامیابی وکامرانی کی طرف تیزی سے گامزن ہوگالہٰذا ہمیں بیٹیوں کی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ بیٹیاں ہمارا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے اس شاندادکامیابی کے لئے پرنسپل صفیہ میڈم اور ان کے ٹیچنگ،نان ٹیچنگ اسٹاف کو مبارکباد کا مستحق بنایا ۔ساتھ ہی انہوں نے طالبات اور ان کے والدین کو بھی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں