تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے پچھم پردیش کے قیام کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔بھگت سنگھ ورما
دیوبند، 30؍ اگست
(رضوان سلمانی) تلنگانہ صوبہ کی راجدھانی حیدر آباد میں بھارتیہ کسان یونین کے قومی کنوینر بھگت سنگھ ورما نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ملاقات کرکے ملک اور کسانوں کے متعدد مسائل پر نہایت سنجیدہ گفتگو کی اور علیحدہ پچھم پردیش کے قیام سے متعلق صلاح ومشورہ کیا ۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے چار دنوں کے قیام کے دوران ملک کے موجودہ حالات اور کسانوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی ۔
اپنے چار روزہ دورہ سے واپسی پر پچھم پردیش مکتی مورچہ کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما کا دیوبند کے ریلوے اسٹیشن پر زبردست خیر مقدم کیا گیا ۔اس موقع پر بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی سخت جد وجہد کے بعد ان کی قیادت میں وجود میں آنے والا تلنگانہ صوبہ محض 8سالوں میں ترقی کی منازل طے کررہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ صوبہ کی فیکس آمدنی اس وقت پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے ۔بھگت سنگھ ورما نے بتایا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے صوبہ کی ترقی کے لئے تلنگانہ کے کسانوں کو کھیتی اور کاشتکاری کے لئے ٹیوب ویلوں کے لئے فری بجلی دی ہے اس کے علاوہ کھیتی کے لئے کام آنے والی کھاد ،بیج اور کھیتی کے آلات پر بھی کسانو ں کو زبردست رعایت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے قرض بھی معاف کئے ہیں ۔
کسانوں کے خوشحالی کے لئے وہاں کی صوبائی حکومت نے ایک ہیکٹیئر اراضی پر 50؍ہزار روپے کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔بھگت سنگھ ورما نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے دنیا کے سب سے بڑے پروجیکٹ مہا کالیشور کو محض تین سالوں میں پورا کرکے صوبہ کے ہر فرد کے لئے پینے کا پانی اور ہر ایک کھیت کو سچائی کیلئے پانی دینے کا نہایت ایمانداری سے کام کیا ہے جو ہمارے ملک کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے ۔
بھگت سنگھ ورما نے بتایا کہ اپنی ملاقات کے دوران انہوں نے چندر شیکھر راؤ سے علیحدہ پچھم پردیش کے قیام کے لئے تعاون طلب کیا ہے جس کے جواب میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے علیحدہ پچھم پردیش کے قیام کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔بھگت سنگھ ورما نے دیوبند واپس آنے پر بتایا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے تمام کسان لیڈران کو اعزاز سے نوازا ہے اور سب کو سرکاری مہمان کے طور پر عزت بخشی ہے ۔
دیوبند ریلوے اسٹیشن پر بھگت سنگھ ورما کا تنظیم کے کارکنان محمد وسیم ،وریندر چودھری،سردار گلوندر سنگھ بنٹی،رشی پال،محمد کامل،محمد فوزان،وکاس چودھری،مفید عالم،آکاش چودھری،ابھیشیک،چودھری مانگے رام اور چودھری ایوش وغیرہ نے شاندار استقبال کیا ۔