دیوبند، 7؍ مارچ
(رضوان سلمانی)
پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خدشے کو دیکھتے ہوئے پیٹرول پمپوں پر لوگوں کی بھیڑ نظر آرہی ہے ، اس کے ساتھ ہی پیٹرول پمپوں کا اسٹاک بھی کم ہوگیا ہے ۔ سہارنپور میں ایک روزمیں ایک لاکھ 80ہزار ڈیزل کی فروختگی ہورہی ہے وہیں گزشتہ ایک ہفتہ سے پیٹرول پمپوں پر تیل بھی کم آرہا ہے،
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے چلتے بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے امکانات کئی روز سے لگائے جارہے ہیں ، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10سے 12روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے۔
آج اس کا اثر ضلع کے پیٹرول پمپوں پر بھی دیکھنے کو ملا، شہر سے لے کر دیہی علاقوں تک پیٹرول پمپوں پر پیٹرول اور ڈیزل خریدنے والوں کی لائنیں لگی رہیں، سب سے زیادہ بھیڑ کورٹ روڈ ، انبالہ روڈ،دہرہ دون روڈ اور دہلی روڈ کے پیٹرول پمپوں پر دیکھنے کو ملی، جب کہ کسان بھی ڈیزل کا اسٹاک کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
کسان بڑی تعداد میں پہلے ہی ڈرموں میں ڈیزل بھرواکر لے جارہے ہیں،وہیں پیٹرول پمپوں پر بھی تیل کا اسٹاک کم ہوگیا ہے، دراصل سہارنپور کے پیٹرول پمپوں پر گزشتہ ایک ہفتہ سے کم تیل آرہا ہے ۔ ضلع میں ان دنوں ڈیزل کی کھپت سب سے زیادہ ہورہی ہے ۔ ڈیزل اور پیٹرول کی اضافی قیمتوں کے سبب پمپوں پر فروختگی میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے ۔
ضلع سہارنپور میں ایک لاکھ 80ہزار ڈیزل کی کھپت ہورہی ہے، سہارنپور پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے سکریٹری اتل کمار نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے تیل کم آرہا ہے ، جب کہ تیل کی فروختگی میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
