بی جے پی لیڈر کو پو لیس نے گرفتارکرکے جیل بھیجا
دیوبند، 18؍ فروری
(رضوان سلمانی)
اقتدار کے نشہ میں چور ایک نوجوان نے ڈیوٹی پر تعینات ایک بزرگ ہیڈ کانسٹبل کے ساتھ زبردست مارپیٹ کی جس کے بعد بہاری گڑھ پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بہاری گڑھ قصبہ میں واقع بُگا والا روڈ چوراہے پر تعینات ہیڈ کانسٹبل کو ایک نوجوان نے مارپیٹ کرکے شدید طو ر پر زخمی کردیا جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے اور ہیڈ کانسٹبل کو علاج کے لئے سہارنپور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ضلع پنچایت رکن بھارتیہ جنتا پارٹی بابو رام راٹھور کے لڑکے سندیپ کمار اپنی اسکارپیو گاڑی کو بُگا والا چوک پر کھڑی کرکے چلا گیا جسے ڈیوٹی پر تعینات ہیڈ کانسٹبل امریش کمار نے جام لگنے کے سبب گاڑی آگے کرنے کو کہا جس پر اس نے گاڑی کو جام لگانے کے مقصد سے سڑک کے بیچوں بیچ کھڑا کردیا اور کانسٹبل کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے لگا۔
علاقہ کے لوگوں کے مطابق جب ہیڈ کانسٹبل نے اسے منع کیا تو سندیپ کمار نے گاڑی سے اترتے ہی ہیڈ کانسٹبل کا گریبان پکڑلیا اور اس کے ساتھ گالی گلوچ کرتے ہوئے مارپیٹ شروع کردی جس کے سبب بزرگ کانسٹبل زمین پر گرگئے اور اس کی کمر ، ہاتھ وغیرہ میں شدید چوٹیں آئیں اور ان سے خون بہنے لگا۔
جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع پولیس اسٹیشن پہنچی تو بڑی تعداد میں پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور سندیپ کو گرفتار کرکے تھانہ لے آئے جس کے بعد پولیس نے فوراً ہی اسے جیل بھیج دیا اور ہیڈ کانسٹبل کو علاج کے لئے سہارنپور کے اسپتال میں داخل کرادیا، یہ معاملہ قصبہ میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
