کوئلہ اسمگلنگ معاملہ : ممتا بنرجی کے وزیر کے گھر سی بی آئی کا چھاپہ

تازہ خبر قومی

کولکتہ : 7/ ستمبر
(زین نیوز ڈیسک)

مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بدھ کی صبح مغربی بنگال کے وزیر قانون مالے گھٹک کی کوئلہ اسمگلنگ اسکام کی تحقیقات کے سلسلے میں کئی رہائش گاہوں پر چھاپہ مارےسی بی آئی مبینہ کوئلہ گھوٹالہ کے سلسلے میں مغربی بنگال میں کل چھ مقامات، کولکتہ میں پانچ اور آسنسول میں ایک وزارتی احاطہ پر چھاپے مار رہی ہے۔
کوئلہ اسمگلنگ کیس میں سی بی آئی کولکتہ کی ٹیم نے صبح سویرے ریاست کے لیبر اور قانون و انصاف کے وزیر مالے گھٹک کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ سی بی آئی کی ٹیم چھ گاڑیوں میں ان کے گھر پہنچی۔
سی بی آئی کی طرف سے چھاپہ مار کارروائی آسنسول میں ‘ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ’ کی کانوں سے کوئلے کی مبینہ اسمگلنگ کے معاملہ میں کی گئی ہے۔ معلومات دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ کل چھ مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مرکزی نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کی مدد سے ایجنسی نے اس گھوٹالے کے سلسلے میں ان جائیدادوں کی تلاشی لی۔ خواتین افسران بھی ٹیم کا حصہ تھیں۔

 نومبر 2020 میں سی بی آئی نے انوپ مانجھی عرف لالہ، ای سی ایل کے جنرل منیجر امیت کمار دھر اور جیش چندر رائے، ای سی ایل کے سیکوریٹی چیف تنمے داس، کنستوریا ایریا کے سیکورٹی انسپکٹر دھننجے رائے اور کجور علاقہ کے سیکوریٹی انچارج دیباشیش کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی
 دریں اثنا، موصولہ اطلاع کے مطابق، سی بی آئی حکام نے مغربی وردھمان ضلع کے آسنسول میں گھٹک کے تین گھروں اور کولکتہ کے لیک گارڈن علاقہ میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا ہے۔
سی بی آئی کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کوئلہ اسمگلنگ کیس میں ان کا نام سامنے آیا ہے۔ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس میں ان کا کیا کردار تھا؟ گھاٹک کے اس گھوٹالے میں ملوث ہونے کے ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں۔ جب چھاپے مارے گئے تو گھٹک کسی گھر میں نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کےعہدیداروں نے وزیر کے اہل خانہ کے موبائل فون لے لیے اور انہیں آسنسول میں ان کے گھر کے ایک کمرے میں ایک ساتھ بٹھایا۔ چھاپے کے دوران ان کے گھروں کو مرکزی فورسز کے جوانوں نے گھیر لیا تھا۔
اتفاق سے، آسنسول اتر کے ایم ایل اے گھٹک، کوئلہ چوری کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے دہلی کے دفتر میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے سامنے ایک بار حاضر ہوئے ہیں