کوئمبتور دھماکے کے ملزم کے گھر سے 75 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد

تازہ خبر قومی
 یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج۔5 ؍گرفتار
کوئمبتور :۔26؍اکتوبر
(زیڈ این ایم ایس)
تمل ناڈو کے کوئمبتور میں اتوار کو ہوئے دھماکے کے معاملے میں پولیس نے UAPA کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 5 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی صبح کار میں سلنڈر پھٹنے سے  جمیشامبین (25) کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے واقعہ کے بعد اس کے گھر سے 75 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا۔
اس معاملے میں گرفتار ہونے والوں میں محمد تالکہ، محمد اظہر الدین، محمد ریاض، فیروز اسماعیل اور محمد نواز اسماعیل شامل ہیں۔ سبھی کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ عدالت نےکوئمبتور سٹی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے پانچ ملزمان کو 15 دنوں کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ پانچوں ملزمان کوکوئمبتور سینٹرل جیل لے جایا گیا ہے۔
نلگریس ضلع کے کنور سے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو بھی دھماکے کی جگہ پر موبائل فون کے سگنل کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے لایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کونور کے اوٹوپترائی کا رہنے والا یہ شخص گزشتہ چار ماہ سے وہاں رہ رہا تھا۔
پولیس نے پہلے کہا تھا کہ جمیشا مبین کی موت اتوار کو ان کی کار میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوئی تھی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ گاڑی میں کیلیں، پتھر اور کچھ دوسری چیزیں بھی ملی ہیں۔
اے آئی اے ڈی ایم کے کے عبوری جنرل سکریٹری اور تمل ناڈو میں اپوزیشن لیڈر کے پلانی سوامی نے اس معاملے کی آزادانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ یہ واقعہ حادثہ تھا یا سازش۔
چیف منسٹر ایم کے اسٹالن پر طنز کرتے ہوئے پلانی سوامی نے پوچھا کہ اس دھماکے کے بارے میں ان کا کیا کہنا ہے۔ اسٹالن کے پاس ریاست میں محکمہ داخلہ بھی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جب بھی تمل ناڈو میں ڈی ایم کے اقتدار سنبھالتی ہے بم دھماکوں کے واقعات معمول بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس اور انٹیلی جنس محکمے ٹھیک سے کام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پولیس کسی سیاسی دباؤ کے بغیر معاملے کی تحقیقات کرے۔
غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) قومی تحقیقاتی ایجنسی ایکٹ کے تحت ایک طے شدہ جرم ہے۔ تفتیشی ایجنسی اب تمل ناڈو پولیس سے تفتیش اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے۔