فنڈز کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کو تمام مطلوبہ طبّی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔کے سی آرکا دورہ ورنگل
حیدرآباد 21/مئی
(زین نیوز)
وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ آج بروز جمعہ دوپہر 12:45 بجے ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال پہنچ کر سیدھے وہاں زیر علاج کوویڈ مریض وں کی تیمارداری کے لئے اسپتال کے آئی سی یو وارڈ تشریف لے گئے اور ان مریضوں سے خیر خیریت دریافت کی۔
وزیراعلی نے مریضوں سے اُنہیں فراہم کی جارہی علاج کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
اُنہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوویڈ کے بارے میں کسی قسم کی پریشانی یا خوف کا شکار نہ ہوں۔
اس موقع پر مٹّے واڈہ سے تعلق رکھنے والے مریض وینکٹا چاری نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اُس کا وہاں بہتر علاج کیا جارہا ہے۔ نیز مذکورہ مریض نے ‘کے سی آر زندہ باد’ اور ‘کے سی آر میری کُل زندگی ہے’ جیسے نعرے بھی بلند کئے۔
وزیراعلیٰ نے ہر ایک بیڈ پر جاکر وہاں موجود مریضوں سے بات کی اور ان سے اُنہیں فراہم کی جارہی علاج کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے جنرل وارڈ کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلی نے ایم جی ایم اسپتال میں گھوم پھر کر وہاں دستیاب سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے بھی بات کی اور ان سے اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جارہی طبّی سہولیات اور علاج معالجہ سے متعلق استفسار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے طبّی عملے کو درپیش مشکلات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وہاں موجود محکمہ صحت و طبابت کے اعلی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فنڈز کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کو تمام مطلوبہ طبّی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزراء شری ای دیاکر راؤ، محترمہ ستیہ وتی راتھوڑ، مشرقی ورنگل کے رکن اسمبلی شری این رویندر، مغربی ورنگل کے رکن اسمبلی شری داسیام ونئے بھاسکر، میئر محترمہ گنڈو سُدھارانی، چیف سکریٹری شری سومیش کمار، پرنسپل سکریٹری (میڈیکل اینڈ ہیلتھ) شری ایس اے ایم رضوی، ڈی ایم ای شری رمیش ریڈی، سی ایم – او ایس ڈی شری گنگادھر، ٹی ایس ایم آئی ڈی سی – منیجنگ ڈائریکٹر شری چندرشیکھر ریڈی، ایم جی ایم اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ شری چنرشیکھر، میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیداران اور سی پی شری ترون جوشی کے علاوہ متعدد ضلعی قائدین موجود تھے