’’ہم جوکر نہیں ‘ رنگ ماسٹر ہیں‘‘

تازہ خبر قومی

اترپردیش اسمبلی میں اپنی آوازبلند کریں گے :اسد الدین اویسی
بہرائچ :9  / جولائی
(زین نیوز؍ایجنسیز)
اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے ۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کے یوپی میں الیکشن لڑنے کے فیصلہ کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے ۔ اپنی پارٹی کی گرفت مضبوط بنانے کے ساتھ اب اویسی اپوزیشن کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں ۔
اترپردیش کے بہرائچ میں جمعرات کو اسد الدین اویسی نے پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا ۔ اس دوران انہوںنے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور ایس پی صدر اکھیلیش یادو پر شدید تنقیدکی ۔صدر مجلس نے کہا کہ ریاست میں ہم اپنی حصہ داری مانگتے ہیں ، ہم اپنے ووٹ سے آگے بڑھیں گے اور اسمبلی میں اپنی آواز بلند کریں گے ۔

سماج وادی پارٹی کا نام لئے بغیر اویسی نے کہا کہ ہم سرکس کے جوکر نہیں ، رنگ ماسٹر ہیں ۔ اویسی نے الزام لگایا کہ کورونا دور میں لوگوں کو اسپتال نہیں مل رہا تھا ، دوائیں نہیں مل رہی تھیں ، گنگا کے کنارے لاشیں تھیں ، اب سبھی سیاستدانوں کو جاننا چاہئے کہ یہ کھجور کھلانے سے یا افطار کی دعوت دینے سے کام نہیں چلے گا ، اب سرکس کے جوکروں کا ناٹک ختم ہوگا
اسد الدین اویسی نے کہا کہ یوگی سرکار کا مقابلہ ان یتیموں سے ہوگا ، جنہیں یوگی سرکار نے یتیم بنادیا ۔ وزیر اعلی یوگی کا مقابلہ ان بے روزگاروں سے ہوگا جنہیں ساڑھے چار سالوں میں روزگار نہیں ملا ۔
میڈیا چاہتی ہے کہ اویسی کی شخصیت کو سامنے رکھ کر یوگی کا مقابلہ کیا جائے ، اویسی ان بیواوں اور ان یتیموں کی آواز بن کر اٹھے گا ۔ اویسی ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ان نوجوانوں کے خوابوں اور امیدوں کا نام ہے ۔اویسی نے وزیر اعلی یوگی پر نشانہ سادھا اور کہا کہ یوپی میں صرف تین فیصدی لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلی یوگی سے کہنا چاہتے ہیں کہ پہلے لوگوں کی جان بچائیں ، ہم آپ سبھی سے کہہ رہے کہ آپ لوگ دونوں ویکسین لگوائیں ۔ اویسی نے کہا کہ مظلوموں کو ان کا حق دلانے کیلئے ہم آج یہاں مل کر ایک ساتھ آئے ہیں ، مظلوموں کو ان کا حق ملنا چاہئے ۔