بی جے پی ۔ بھارتیہ جھوٹی پارٹی
سماج وادی پارٹی اقتدار میںآئی تو 300یونٹ بجلی مفت
اکھلیش یادو
دیوبند، 7؍ فروری
(رضوان سلمانی)
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو سہارنپور پہنچے اور انہوں نے یہاں پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ بی جے پی لگاتار جھوٹ بول رہی ہے، اس کا جتنا بڑا لیڈر اتنا بڑا جھوٹ بول رہا ہے۔ بی جے پی کو اپنا نام بدل کر بھارتیہ جھوٹ پارٹی رکھ لیناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قانون اور عزت کے خلاف کام کررہی ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اس مرتبہ اترپردیش میں تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے، یہاں کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ، خاص کر کسان ،نوجوان اور تاجر طبقہ سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے اتحاد کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ اس مرتبہ اترپردیش سے بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت سماج وادی پارٹی کی ہوگی کیوں کہ عام رائے دہندگان میں بی جے پی سے منہ موڑ لیا ہے کیوں کہ اس جماعت کو عام آدمی کا کوئی فکر نہیں ،یہ پارٹی سرمایہ داروں کی پارٹی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پولیس کی 100نمبر کی گاڑی کا نمبر بدل کر 112کردیا ہے ،پولیس کی گاڑیوں کے ٹائر تک نہیں بدلے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قنوج میں فورنسنگ لیب کی تعمیر ساڑھے چار سال میں نہیں کرا پائے۔ ڈائل ہنڈریڈ کا سسٹم برباد کردیا ہے ۔ نہو ںنے کہا کہ یوپی میں نظم ونسق کی بہتری کے لئے سماج وادی پارٹی حکومت پولیس فورس کی گاڑیوں میں اضافہ کرے گی ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہماری حکومت نے نیویار ک میں جاکر پولیس کے افسران نے سمجھا تھا کہ پولیس کا رسپونس کیسا ہونا چاہئے لیکن اسے بی جے پی نے پوری طرح سے برباد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے امن وقانون کی بات کرتے ہیں مگر یوپی میں آئے دن قتل عام ہوتے رہتے ہیں،عصمت دری اور لوٹ مار کے واقعات میں بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے ہاتھرس عصمت دری کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متأثرہ کو نہ تو مناسب علاج ملا اور نہ ہی اس کی موت کے بعد باعزت تدفین کی گئی۔ ہاتھر سے تعلق رکھنے والی بیٹی کے اہل خانہ انصاف چاہتے تھے وہ اسے عزت کے ساتھ دفنانا چاہتے تھے، لیکن حکومت کے لوگوں نے کیاکیا ، یہ سب کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی میں بی جے پی والے قانون کی بالا دستی کی بات کرتے ہیں جب کہ یہاں پر کتنی قانون کی بالادستی ہے یہاں کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت اب جھوٹ بولنا بندکردے کیوں کہ صداقت کبھی چھپتی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانو ںکی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،آج بی جے پی حکومت نے کسانوں اور نوجوانوں کو بے روزگاری کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اترپردیش میں ان کی حکومت قائم ہوتی ہے تو کسانوں کو ان کے حقوق اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرایا جائے گا۔15روز میں کسانوں کو ان کے گنے کی ادائیگی کرائی جائے گی ، ہر فصل پر ایم ایس پی دی جائے گی ۔

اکھلیش یادو نے سہارنپور کے عوام کو یقین دلایاکہ اگر سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ووڈ کرافٹ ڈیولپمنٹ ایکسپورٹ پرموشن فارم بناکر کاروباریوں ، کاریگروں کی مدد کی جائے گی ۔ سہارنپور میں چینی سے گنے تک کا اپنا ایک الگ مقام ہے ، لکڑی کو لے کر اتنا بڑاکام اور ایکسپورٹ کہیں اور سے نہیں ہوتا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سہارنپور میں ووڈ کرافٹ کا قیام کیا جائے گا ، کاریگروں کو ٹرین کرنے کا نظم کیا جائے گا ،کاریگروں اور کاروباریوں کو سپورٹ کرنے کا کام سماج وادی پارٹی کی حکومت نے پہلے بھی کیا ہے اور آگے بھی کیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ماں شاکمبری دیوی یونیورسٹی میں روزگار دینے والے کورس شروع کئے جائیں گے جس سے سہارنپور کے نوجوانوں کو روزگار ملے ،میڈیکل کالج میں پی جی آئی والی تمام سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سہارنپور سے لکھنؤ پانچ گھنٹے میں پہنچنے کے لئے ہائی وے تعمیر کرائے جائیں گے ، سہارنپور کی ترقی کے لئے الگ سے اسپیشل کچھ کیا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ جہاں ایک طرف سہارنپور میں ماں شاکمبری دیوی شکتی پیٹھ ہے وہیں دوسری جانب دیوبند ہے جہاں پر عالمی شہرت یافتہ ادارہ دارالعلوم دیوبند ہے، جہاں سے گنگا جمنی تہذیب پروان چڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یوگی بابا نے سہارنپور کے میڈیکل کالج کا تمام اسٹاف گورکھپور بھیج دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سہارنپور میں کسی کو لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ تک نہیں دیا کیوں کہ بابا خود ٹیبلیٹ چلانا نہیں جانتے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی جھانسہ دینے والی پارٹی ہے ، یوگی بابا کو 10مارچ کو گورکھپور بھیجنے کا کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت قائم ہوتی ہے تو عوام کے لئے 300یونٹ بجلی مفت ہوگی، کھیتو ں میں پانی دینے کے لئے کسانوں کو بجلی کا کوئی پیسہ دینا نہیں پڑے گا ،پرانی پینشن بحال ہوںگی ۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بچوں کی تعلیم کا جو نقصان ہوا ہے ،اتنا نقصان کسی بھی گورنمنٹ میں نہیں ہوا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ میں یہاں آپ سے یہ اپیل کرنے آیا ہوں کہ یہ الیکشن تنہا یوپی کا الیکشن نہیں ہے ، یہ الیکشن یوپی کے مستقبل کا الیکشن ہے ۔
بعد ازاں اکھلیش یادو نے ایک انتخابی جلسہ عام سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا اور سماج وادی پارٹی ، راشٹریہ لوک دل کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سابق اسمبلی رکن عمران مسعود، موجودہ اسمبلی رکن سنجے گرگ، سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی، بہٹ اسمبلی حلقے کے امیدوار عمر علی خاں، سابق اسمبلی رکن آشو ملک ، دیوبند اسمبلی حلقے کے امیدوار کارتکیہ رانا، جمال انصاری، اسعد جمال فیضی، اسمبلی رکن مسعود اختر، پارٹی کے ضلع صدر راغب انجم وغیرہ موجود رہے
