بنڈی سنجے کو قیدی نمبر 7917 تفویض
بنڈی سنجے کی گرفتاری پر لوک سبھا بلیٹن جاری
حیدرآباد:۔6؍اپریل
(زین نیوز)
تلنگانہ میں ایس ایس سی پیپر لیک ہونے سے سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی سربراہ بنڈی سنجے کی گرفتاری سے تلنگانہ کی سیاست ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے۔ کل سنجے کو ڈرامائی انداز میں کریم نگر جیل منتقل کیا گیا ۔ بھگوا حلقے ناراض ہیں کہ سنجے کو پولیس نے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے۔
چونکہ ہائی کورٹ کو کل تعطیل تھی اس لئے بی جے پی نے ہاؤز موشن پٹیشن دائر کی تھی جس میں جج کے گھر پر ہیبیس کارپس کی عرضی کی سماعت کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ہیبیس کارپس درخواست میں سنجے کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تاہم، چیف جسٹس نے ہاؤس موشن کی درخواست سننے سے انکار کر دیا جب ایڈوکیٹ جنرل کے دفتر نے بتایا کہ سنجے کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیجا جا رہا ہے۔ جج نے رجسٹری کو ہدایات جاری کی کہ وہ پہلے کیس کے طور پر اس کی تحقیقات کیلئے اقدامات کریں۔
کریم نگر جیل میں پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ بی جے پی کی صفوں کے احتجاج کرنے کی اطلاع پر سیکورٹی کو مضبوط کر دیا گیا ہے۔ جس سے جیل کے اطراف کے علاقوں میں شدید کشیدگی کا ماحولہے۔ کریم نگر جیل میں رات کے وقت بنڈی سنجے کا جیل حکام نے طبی معائنہ کیا تھا۔ جیل حکام نے ان کور 7917 نمبر تفویض کیا۔
بنڈی سنجے کی گرفتاری پر لوک سبھا بلیٹن جاری
لوک سبھا سکریٹریٹ نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی گرفتاری پر ایک بلیٹن جاری کیا ہے۔ بلیٹن کے مطابق، بوملارامارام پولیس نے کہا کہ انہیں 151 سی آر پی سی کے تحت مقدمے سے پہلے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بنڈی سنجے کو امن و سلامتی میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔بلیٹن میں انکشاف کیا گیا کہ سنجے کو کریم نگر میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں انہیں راچہ کونڈہ کے تحت بوملا رامارام پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ کریم نگر پولیس نے لوک سبھا کی استحقاق کمیٹی کو بتایا کہ بعد میں اسے حراست سے رہا کر دیا گیا۔
