Eeathquek Nepal

نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 141 ہلاک

تازہ خبر عالمی
نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 141 ہلاک
دہلی۔این سی آر، مدھیہ پردیش، راجستھان، اتر پردیش،بہار میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
نئی دہلی:۔4؍نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
نیپال میں جمعہ کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر 6.4 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس میں 141 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیپال میں دو اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 36 افراد مغربی رخم اور 105 جاجرکوٹ میں جان کی بازی ہار گئے۔
زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو سے 331 کلومیٹر شمال مغرب میں 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ ڈی آئی جی کویر کدایتن نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق زلزلے میں اب تک 140 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل سنگین صورتحال کا جائزہ لینے جاجر کوٹ جا رہے ہیں۔
زلزلے کا اثر ہندوستان میں بھی دیکھا گیا۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، ہریانہ، پنجاب اور بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہندوستان میں زلزلے سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
پی ایم مودی نے بھی زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا۔نیپال کے پی ایم پشپا کمل دہل پرچنڈ نے تینوں سیکوریٹی ایجنسیوں کو بچاؤ آپریشن میں مصروف رہنے کی ہدایت دی ہے۔
 اس کے ساتھ ہی پی ایم مودی نے نیپال کے زلزلے میں مرنے والوں کے تئیں بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں نیپال کی مدد کرنے کا یقین ظاہر کیا۔
2015 میں 7.8 شدت کے زلزلے نے نیپال میں بڑی تباہی مچائی تھی۔ اس دوران تقریباً 9 ہزار افراد مارے گئے۔ اس زلزلے نے ملک کا جغرافیہ بھی بگاڑ دیا۔ یونیورسٹی آف کیمبرج کے ٹیکٹونک ماہر جیمز جیکسن نے بتایا کہ زلزلے کے بعد کھٹمنڈو کے نیچے کی زمین تین میٹر یعنی تقریباً 10 فٹ جنوب کی طرف ڈھل گئی۔
تاہم دنیا کی سب سے بڑی پہاڑی چوٹی ایورسٹ کے جغرافیہ میں کسی قسم کی تبدیلی کے آثار نظر نہیں آتے۔ نیپال میں آنے والا یہ زلزلہ 20 بڑے ایٹمی بموں جتنا طاقتور تھا۔